انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی، پیپلز پارٹی کی حکومت پر چڑھائی، قومی سلامتی زیادہ عزیز ہے: وزیر مملکت

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی پر حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی نے حکومت پر چڑھائی کر دی،قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا ہنسی آرہی تھی ایسی انٹرنیٹ سپیڈ میں ڈیجیٹل نیشن بل لایا گیا، فائر وال سن سن کا کان پک گئے ہیں،حکومتی اقدامات کی صورتحال انتہائی مضحکہ خیز ہے، ملک میں انٹرنیٹ بند ہے اور ڈیجیٹل پاکستان کا بل لے کر آ رہے ہیں، سوال کچھ پوچھتے ہیں اور جواب کچھ دیا جاتا ہے، ہم سوشل میڈیا کےخلاف نہیں لیکن اس کے غلط استعمال کےخلاف ہیں، جو سوشل میڈیا غلط استعمال نہیں کرتے ان کو کس چیز کی سزا دی جا رہی ہے، وزارت بدحالی کا شکار ہے، یہ کون سی فائر وال ہے ہم کس سے جواب لیں؟،پیپلزپارٹی کے عبدالقادر پٹیل نے سوال کیا انٹرنیٹ کا اتنا ستیاناس کیوں کیا گیا؟، نہ ایکس چل رہا ہے، نہ وائی اور زیڈ، نہ وائس نوٹ کھل رہا ہے اور نہ تصویر اپ لوڈ ہو رہی ہے،آئی ٹی سے جڑے لوگوں کا اربوں کا نقصان ہو گیا، اتنی بدحالی کبھی کسی وزارت کی نہیں دیکھی جتنی اب ہے،وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے ہمیں انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی شوق نہیں ہے اور نہ ہی فائدہ، قومی سلامتی زیادہ عزیز ہے،قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا ایکس کا استعمال 2 فیصد سے بھی کم پاکستانی کرتے ہیں، دشمن ہر وقت سائبر حملوں کیلئے تیار بیٹھا ہے، سائبر حملوں کو ہم نے روکنا ہے، یہاں مذہبی بنیاد اور سماجی مواد پر ایشوز ہو جاتے ہیں، ایسے مواد کو پی ٹی اے بلاک کرتی ہے، ہم نے اپنے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہے، قومی سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں، سکیورٹی خدشات پر ریگولیٹری نظام حرکت میں آتا ہے، میرے ہاتھ میں انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی بٹن نہیں، ہمیں اس سے نہ تو خوشی ہوتی نہ کوئی فائدہ ملتا ہے، ہم نے صوبوں کے وزرائے داخلہ کی مدد سے ڈیٹا لیکر ٹارگٹ علاقوں میں انٹرنیٹ بند کیا، پورے ملک کو متاثر نہیں کیا، یہ پہلی بار ہوا ہے، ہم کوشش کرتے ہیں ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے والے یوزرز کو کم سے کم تکلیف پہنچے، اس دوران پیش آنے والی تکالیف پر میں معذرت چاہتی ہوں،وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا اپنے ڈیٹا کو سائبر اٹیک سے بچانے کیلئے اقدامات کریں گے، ایکس کو وزارت داخلہ کی ہدایت پر بند کیا گیا، ایکس کی بندش کا آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں، ہم نے آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانی ہوتی تو ٹک ٹاک اور فیس بک بھی نہ چلتا،شزا فاطمہ نے کہا ہمارے خلاف جو زبان استعمال ہوتی ہے وہ ناقابل برداشت ہے،پارلیمانی سیکرٹری برائے کابینہ ڈویژن نے کہا وزارت داخلہ جونہی کہے گی حالات ٹھیک ہیں ایکس کھول دیں گے،ڈپٹی سپیکر غلام مصطفی شاہ نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا اتنے معزز ارکان نے انٹرنیٹ کی شکایت کی ہے، ہم بھی استعمال کرتے ہیں، انٹرنیٹ کی سپیڈ ٹھیک نہیں ہے ، بہتری کی گنجائش ہے، بہتری آنی چاہیے۔