انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کےخلاف سخت کارروائی کا حکم: وزیراعظم ڈی 8 ممالک کی سمٹ میں شرکت کےلئے مصر روانہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصرکیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا، ایف آئی اے اور وزارت خارجہ سے ایک سال میں پیش آئے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی،وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی اموات اورانسانی سمگلنگ کی روک تھام پر غور کیا گیا، شہباز شریف نے 2023 کے کشتی حادثے میں ملوث افراد کےخلاف کارروائی میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا،شہباز شریف نے کہا گذشتہ سال یونان کے اسی علاقے میں دردناک واقعہ ہوا جس میں 262 پاکستانی جان سے گئے، انسانی سمگلنگ پاکستان کیلئے دنیا بھرمیں بدنامی کا باعث بنتی ہے، انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، کارروائی میں سست روی کے باعث ایسے واقعات کا دوبارہ رونما ہونا لمحہ فکریہ ہے،وزیراعظم نے عوامی آگاہی کیلئے چلائی گئی مہم کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا،دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے قوم افواج پاکستان کی دفاع وطن کیلئے قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی،1971 کی جنگ میں جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محفوظ شہید نشان حیدر کو وزیراعظم نے ان کے 53 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے،وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے 1971 میں واہگہ باڈر پر مثالی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لانس نائیک محفوظ شہید نشان حیدر دشمن کو پسپا کرتے رہے، لانس نائیک محفوظ شہید نے دشمن کے طاقت اور عددی برتری کے نشے کو خاک میں ملا دیا، لانس نائیک محفوظ شہید فرض شناسی اور حب الوطنی کی وہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے جس نے وطن عزیز کو دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا، لانس نائیک محفوظ شہید کا وطن سے عہد وفا اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دینے کا جذبہ نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے،شہباز شریف نے مزید کہا مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداءاور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے، پاکستانی قوم افواج پاکستان کی دفاع وطن کیلئے قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی جبکہ وزیراعظم شہبازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر مصرروانہ ہوگئے،وزیراعظم شہبازشریف قاہرہ میں منعقد ہونے والے ڈی 8 ممالک کے 11 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے روزگار کی فراہمی، جدت کے فروغ اور مقامی کاروبار کی ترویج کی بنیادوں پر مضبوط اور شراکت داری پر مبنی معیشت کیلئے نوجوانوں، چھوٹے و درمیانے طبقے کے کاروبار (SMEs) میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کریں گے،شہباز شریف ترقی پذیر ممالک کی تنظیمڈی8 کے وضع کردہ بنیادی اصولوں پر تعاون و عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کریں گے،وزیراعظم کانفرنس میں شریک ممالک کے مابین باہمی استفادے و ترقی کیلئے شراکت داریوں کے ساتھ ساتھ زراعت، غذائی تحفظ اور سیاحت میں تعاون کی اہمیت پر زور دینگے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انکی معاشی ترقی کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے،شہباز شریف اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بربریت کے نتیجے میں مشرق وسطی کی صورتحال، انسانی بحران اور غزہ و لبنان میں تعمیر نو و بحالی کے مسائل پر منعقدہ D-8 کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے،وزیراعظم فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مو¿قف سے آگاہی دیتے ہوئے مشرق وسطی میں امن کے قیام پر زور دینگے،اس موقع پر وزیرِ اعظم سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے مختلف ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءتارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کےساتھ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔