اسلام آباد (مشرق نیوز) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات ختم کرنے کیلئے بات چیت ضروری ہے اور اس کیلئے میرا دفتر ہر وقت حاضر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سردار ایاز صادق نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں مصروفیت کی وجہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں ہورہا ہوں، گزشتہ روز بھی بہت مختصر وقت کیلئے ایوان میں گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں آج بھی مصروف ہوں کیوں کہ سعودی شوریٰ کے اسپیکر اور ان کے ہمراہ ایک وفد دورہ پاکستان پر موجود ہیں، جو چاہتے ہیں ہمارے پارلیمنٹ ٹو پارلیمنٹ تعلقات مزید بہتر ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل جو ماحول بنا، جس طرح پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت اور مسلم لیگ (ن) کے رانا ثنااللہ اور خواجہ آصف نے جس طرح بات کی، وہ میں نے دیکھی۔
ایاز صادق نے کہا کہ اسپیکر کا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہوتا ہے، اسپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے ممبران کیلئے کھلے رہتے ہیں، چاہیں ایوان کی کارروائی چل رہی ہو یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کا گھر اور دفتر 24 گھنٹے کھلا ہے، حکومت اور اپوزیشن تلخی ختم کرنے، ملکی مفاد پر بات کرنے یا لا اینڈ آرڈر کے معاملات پر گفتگو کرنا چاہیں تو آجائیں۔
انکا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی، صوبوں کی خود مختاری سمیت بے شمار دیگر مسائل ہیں، جن پر حکومت اور اپوزیشن کو بات کرنی چاہیے تو میں اس کیلئے تیار ہوں، آئیں اور بیٹھ کر بات کریں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جب تک میں اس عہدے پر ہوں، میں کوئی کمی نہیں آنے دوں گا، سب ممبران چاہے ان کا تعلق حکومت سے ہو یا اپوزیشن سے، میرے لئے سب برابر اور قابل احترام ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔
سپیکر قومی اسمبلی کی حکومت، اپوزیشن مذاکرات میں پل کا کردار ادا کرنے کی پیشکش
















