بلوچستان ،خیبرپختونخوا میں آپریشنز، فورسز نے 43 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا

راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بلوچستان ،خیبرپختونخوا میں آپریشنز ،سکیورٹی فورسز نے 43 خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں دہشتگردوں کی ہلاکتیں 9 دسمبر سے اب تک مختلف آپریشنز کے دوران ہوئیں، خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائیوں میں ہلاکتیں فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں دہشتگرد گروپوں کیلئے بڑا دھچکا ہے،12 اور 13 دسمبر کی رات سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں آپریشن کیا، دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایاگیا، کارروائی کے دوران 6 خوارج ہلاک کئے گئے،9 دسمبر سے اب تک خیبر پختونخوا میں 18 خوارج کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 13 دسمبر کو بلوچستان میں موسیٰ خیل ،پنجگور میں کارروائیاں کی گئیں، 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے 43 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مختلف آپریشنز کے دوران بڑے پیمانے پر دہشتگردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے کردار کی معترف ہے،حکومت ہر قسم کی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پر عزم ہے، عوام کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔