اسلام آباد :(بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاہے اہم موقع پر احتجاج کی کال سے بدنیتی ثابت ،تاریخ ہے پی ٹی آئی احتجاج یا ریلی پرامن نہیں ہوتی،مظاہرین کو کھلی چھوٹ دینے کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے ،ریڈزون میں داخل ہونے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔
غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ریڈ زون کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائےگا، نئے قانون ”پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ کے تحت ریڈ زون میں احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کی گئی اور کسی بھی عوامی اجتماع کےلئے مجسٹریٹ سے اجازت درکار ہوگی،ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو ریڈ زون میں کسی بھی احتجاجی اجتماع سے روکا،عدالتی فیصلے کی تعمیل میں حکومت نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو پارٹی سے رابطہ کے ٹاسک دیا لیکن کوششیں ناکام رہیں۔
نائب وزیر اعظم نے کہامظاہرین کو دارالحکومت میں کھلی چھوٹ دینے کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے ،ریڈزون میں داخل ہونے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا،اسلام آباد ریڈ زون کی سکیورٹی ترجیح رہی ،خصوصی قوانین نافذ کیے گئے، اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج کےلئے مقامات کا تعین کیا گیا ، قانون کے مطابق ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں کیا جاسکتا۔
اسحاق ڈار نے کہاسکیورٹی فورسز کے پاس آتشی اسلحہ نہیں ، صرف آنسوگیس، واٹرکینن اور لاٹھیاں تھیں ،سفارتی مشنز اور اہم عمارتوں کے تحفظ کےلئے آرٹیکل245کے تحت فوج کو تعینات کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہابدقسمتی سے بہت ابہام پھیلنے پر حکومت کو وضاحت کرنا پڑرہی ہے، سوشل میڈیا لعنت اور اپوزیشن فیک نیوز پھیلانے میں ماہر ہے،24 نومبر کو غیر ملکی وفد پاکستان کے دورے پر تھا، حیران کن طور پر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کیاگیا، ماضی میں سیاسی جماعت نے انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر احتجاج کیا،الیکشن میں 35 پنکچرز کا بیانیہ بنایا گیا جوڈیشل انکوائری میں ثابت ہوا کوئی انتخابی دھاندلی نہیں ہوئی ،تاریخ ہے پی ٹی آئی احتجاج یا ریلی پرامن نہیں ہوتی۔
اسحاق ڈار نے کہا سٹیٹ گیسٹ کی آمد پر ہی احتجاج کی کال کیوں دی گئی؟ اہم موقع پر احتجاج کی کال سے جماعت کی بدنیتی ثابت ہوتی ہے،ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق پی ٹی آئی کو سنگجانی پر احتجاج کا کہا، سیاسی جماعت نے ریڈ زون میں ہی احتجاج کرنے پر بے جا اصرار کیا، تمام ترکوششوں کے باوجود سیاسی جماعت ضد پر اڑی رہی، سفیروں کی سکیورٹی خود سے بھی زیادہ عزیز ہے۔
اہم موقع پر احتجاج سے سیاسی جماعت کی بدنیتی ثابت ہوتی ہے،نائب وزیراعظم
















