لاپتہ افراد کا کیس انتہائی اہم ،پارلیمنٹ خود کو سپریم ثابت کرے،آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے ریمارکس دئیے لاپتہ افراد کا کیس انتہائی اہم ہے،پارلیمنٹ خود کو سپریم ثابت کرے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے دوران سماعت کہا میری نظر میں لاپتہ افراد کا کیس انتہائی اہم ہے، کیسز ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں چل رہے ہیں، لوگوں کی زندگیاں ہیں ہزاروں لوگ لاپتہ ہے، اعتزاز احسن لطیف کھوسہ جیسے سیاستدان کھڑے ہیں، مسئلے کا حل پارلیمنٹ نے نکالنا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل جاوید اقبال نے دلائل میں کہا کابینہ نے سب ذیلی کمیٹی بنا دی جو اپنی سفارشات پیش کرے گی، حکومت لاپتہ افراد کا معاملہ حتمی طور پر حل کرنا چاہتی ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا لاپتہ افراد کا معاملہ بیان بازی سے حل نہیں ہوگا، جسٹس علی مظہر نے سوال کیا لاپتہ افراد کمیشن نے اب تک کتنی ریکوریاں کیں،جسٹس حسن اظہر رضوری نے کہا کیا کوئی لاپتہ افراد کمیشن کے پاس ڈیٹا ہے کس نے افراد کو لاپتہ کیا جو لاپتہ لوگ واپس آئے کیا انہوں نے بتایا کون اٹھا کر لے کر گیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا لاپتہ افراد واپس آنے پر کچھ نہیں بتاتے، واپس آنے پر کہتے ہیں شمالی علاقہ جات میں آرام کےلئے گئے تھے،جسٹس جمال مندوخیل نے ایڈووکیٹ لطیف کھوسہ کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہاکھوسہ صاحب عدالت میں سیاسی بات نہ کریں، پارلیمنٹ کا عام یا مشترکہ اجلاس بلا کر مسئلے کو حل کریں۔

لطیف کھوسہ نے کہا کیا لاپتہ افراد کے معاملے کو 26 ترمیم کی طرح حل کیا جائے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا 26 ویں آئینی ترمیم بھی اپنے وقت پر دیکھی جائے گی، لطیف کھوسہ نے کہا لاپتہ افراد سے بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا قوم اور عدالت آپ پارلیمنٹرین کی طرف دیکھ رہی ہے، وکیل اعتزاز احسن نے کہا پارلیمنٹ کے پاس عدالتی اختیارات نہیں ،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کھوسہ صاحب آپ کے تحریک انصاف کے لوگ بھی اٹھائے گئے، لطیف کھوسہ نے کہا جی بالکل تحریک انصاف کے لوگوں کو بھی اٹھایا گیا، جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیاکیا انہوں نے آکر بتایا کون اٹھا کر لیکر گیا؟ لطیف کھوسہ نے کہا جو اٹھائے گئے ان کے بچوں کو بھی اٹھا لیا جائے گا۔

وکیل فیصل صدیقی نے دلائل میں کہا لوگوں کے 10، 20سال سے پیارے لاپتہ ہیں، عدالت نے گزشتہ سماعت حکم دیا اور آرڈر بنچ کو نہیں مل رہا، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا لاپتہ افراد کے کیس میں عدالت کا آرڈر بھی مسنگ ہوگیا،جسٹس نعیم افغان نے کہا بلوچستان میں لاپتہ افراد کے ایک کلاسک مقدمے میں 25 وکیل پیش ہوئے، بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر لاپتہ افراد گھر آگئے، عدالت نے واپس آنےوالے افراد کو پیش ہونے کا حکم دیا لیکن بازیابی کے بعد وہ افراد کسی عدالتی فورم پر بیان کےلئے پیش نہیں ہوئے۔

جسٹس نعیم افغان نے ریمارکس دئیے لاپتہ افراد کے کسی مقدمے کو مثال بنانا ہے تو اپنے اندر جرات پیدا کریں، لاپتہ افراد کے کچھ کیسز میں افراد ریاست کو برباد اور بدنام کرتے ہیں، لاپتہ افراد کے نام پر آزادی کی جنگ بھی چل رہی ہے، سسٹم میں کوئی کھڑا ہونے کو تیار نہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا لاپتہ افراد کا حل ہے سٹیک ہولڈرز سر جوڑ کر بیٹھیں، غور کریں لاپتہ افراد کا مسئلہ کیوں پیدا ہوتا ہے، پارلیمنٹ کو عدالت نے سپریم تسلیم کیا لہٰذا پارلیمنٹ خود کو سپریم ثابت کرے،بعدازاں آئینی بنچ نے کیس میں اٹارنی جنرل، وزارت داخلہ و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے تمام متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کر لیں۔