آڈیولیکس کمیشن کیس، حکومتی ہدایات آنے پر معاملے کو دیکھیں گے: آئینی بنچ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے آڈیولیکس کمیشن کیس میں اٹارنی جنرل کی حکومت سے ہدایات لینے کی استدعا منظورکرلی،جسٹس امین الدین کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بنچ نے آڈیولیکس کمیشن کیس کی سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامررحمان نے آڈیولیکس کمیشن کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا سوال یہ ہے حکومت آڈیوزکی انکوائری چاہتی ہے یا نہیں؟، معاملہ کابینہ کے سامنے پیش کیا جانا تھا،اسلام آباد میں حالیہ امن وامان کی صورتحال کے باعث معاملہ کابینہ میں پیش نہیں ہوسکا ، مختصرتاریخ دے دیں، آڈیولیکس کا معاملہ آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائےگا اور کابینہ کے آڈیولیکس کے معاملے پر فیصلہ سے آئینی بنچ کو آگاہ کیا جائےگا،بانی پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے کہا آڈیولیکس کی قانونی حیثیت سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے،جسٹس امین الدین نے کہا اٹارنی جنرل آفس کو حکومت سے ہدایات لینے دیں، حکومتی ہدایات آنے کے بعد معاملے کو دیکھیں گے،مزید بر آں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے بجلی تقسیم کار کمپنی کیساتھ حکومتی معاہدوں کیخلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی،قبل ازیں سپریم کورٹ نے قیدیوں کو جیل میں یکساں سہولیات دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی،سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے قیدیوں کو جیل میں یکساں سہولیات دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کیا قیدیوں کی سہولیات کا جائزہ لینا سپریم کورٹ کا کام ہے؟ جیل قوانین پراعتراض ہے تو متعلقہ صوبے یا ہائیکورٹ سے رجوع کریں،جسٹس امین الدیں نے ہدایت کی اس طرح کی درخواستیں سپریم کورٹ نہ لائیں ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا سہولیات سے متعلق درخواست پرسن ٹو پرسن مختلف ہے،بعد ازاں عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو برقرار رکھا اور درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔