سیاسی استحکام میں اپوزیشن رکاوٹ،بات چیت ضروری ورنہ لاٹھی کا استعمال کرنا ہوگا، بلاول بھٹو

اسلام آباد،کراچی،سکھر :(بیورورپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کسی صوبے میںگورنر راج ،سیاسی جماعت پر پابندی کے حامی نہیں، ملک میں سب سے بڑا مسئلہ سیاسی عدم استحکام ہے، دہشتگردی و معاشی بحران کے مقابلے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے لیکن سیاسی استحکام میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے،سیاسی استحکام کیلئے بات چیت ضروری ورنہ لاٹھی کا استعمال کرنا ہوگا،دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان 2 کی ضرورت ہے۔

،سکھر میں پیپلزپارٹی کے 57ویں یوم تاسیس پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پی پی کے یوم تاسیس پر بیک وقت پاکستان کے 150 علاقوں سے مخاطب ہوں، تمام اضلاع، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی براہ راست خطاب کررہا ہوں، یہ بھی ایک ثبوت ہے3 نسلوں کی جدوجہد کے بعد آج بھی پیپلزپارٹی ملک کے کونے کونے میں موجود ہے، پیپلزپارٹی کی طویل جدوجہد ملک کے عوام، جمہوریت اور معاشی ترقی کیلئے ہے اور ہماری جدوجہد سب کے سامنے ہے، سیاسی سفر قائد عوام ذوالفقار بھٹو سے شروع ہوا جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی بنیاد رکھی اور سرزمین بے آئین کو متفقہ آئین دیا، عوام ذوالفقار بھٹو کی جدوجہد اور منشور کو اببھی تمام مسائل کا حل سمجھتے ہیں،بھٹو نے ملک کو سب سے پہلی معاشی پالیسی دلوائی، روٹی کپڑا مکان کا نعرہ اور تاریخی اصلاحات کر کے امیروں کے بجائے عوام، کسان اور مزدوروں کو فائدہ پہنچایا، بھٹو نے جمہوریت، آئین، عوام دوست انقلاب کی بنیاد کےساتھ پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں کا تحفہ دیا، دنیا بھر میں آج بھی کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا مگر افسوس کےساتھ عوام کے منتخب وزیراعظم کو عدالتی قتل کے ذریعے شہید کیا گیا اور پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کرنے کےلئے تمام حربے استعمال کیے گئے۔

بلاول بھٹو نے کہا بےنظیر بھٹو نے تمام تر سازشوں کا مقابلہ کیا، بےنظیر بھٹو عوام کے تعاون سے پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، بےنظیر بھٹو پاکستان کے غریب عوام کی نمائندہ تھیں، بےنظیر کی پالیسیوں سے غریب عوام کو فائدہ ہوتا تھا، مشہور تھا بےنظیر آئے گی روزگار لائے گی، بےنظیر بھٹو نے ایک نہیں دو آمروں کا مقابلہ کیا، بےنظیر بھٹو نے بہادری سے آمریت کا مقابلہ کیا، بےنظیر دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارتی تھیں، بےنظیر بھٹو دہشت گردوں سے ڈر کر بھاگ سکتی تھیں لیکن شہید بےنظیر بھٹو ایک حملے کے باوجود عوام کے درمیان رہیں، اگر محترمہ شہید نہ ہوتیں تو وہ تیسری مرتبہ بھی وزیر اعظم ہوتیں، بےنظیر بھٹو نے ہمیشہ روزگار اور عوام کی بات کی، مسلم امہ میں شہید بےنظیر کی قیادت کو سب نے قبول کیا، پاکستانی تاریخ میں تمام سیاستدان ایک طرف اور بےنظیر کی سیاسی تاریخ ایک طرف ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کچھ لوگوں کی سوچ تھی بےنظیر کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی ختم ہوجائے گی مگر پھر صدر زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی متحد ہوئی اور پھروہ کامیابیاں حاصل کیں جو ماضی میں نہیں کرسکے تھے، اٹھارہویں ترمیم منظور کرا کے بےنظیر کی دیرینہ خواہش پوری اور وعدہ پورا کیا، صوبوں کو حقوق دئیے، این ایف سی ایوارڈ قائم کیا، سارے خواب زرداری کی صدارت کے دوران ہوئے،صدر زرداری نے پاکستان کو سی پیک جیسا تحفہ دیا،سرحد کو پختونخوا کا پروگرام دلوایا، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کر کے روٹی کپڑے اور مکان کے وعدے کو پورا کیا جس سے غربت کا مقابلہ کیا جارہا ہے جبکہ وسیلہ روزگار سے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا،پاکستان کو آگے بڑھانے کا یہی طریقہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا پہلے دور حکومت میں جو انقلابی اصلاحات کیں تو وہ کچھ قوتوں کو پسند نہیں آئیں جس کے بعد نیب خلاف میں متحرک ہوا، میڈیا ٹرائل کیا گیا، پی پی کو محدود رکھ اور ایک اور جماعت پی ٹی آئی کو جنم دیا، پراکسی جماعتوں کو دہشتگردوں نے اجازت دی جبکہ پی پی امیدوار مہم چلا نہیں پاتے تھے، ہر الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی شکایت ہوتی ہے مگر محب وطن پاکستانی ہیں اور ملک کا سوچتے ہیں تو جمہوری و ملکی مفاد کو قبول کر کے آگے بڑھے، موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ اور اہم ذمہ داری پیپلزپارٹی پر ہے نہ صرف صوبائی حکومت جو بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ہیں وہ اپنی مدت مکمل کریں

سابق وزیر خارجہ نے کہا پیپلزپارٹی کی قومی اسمبلی اورسینٹ میں بھی اہم ذمہ داری ہے، الیکشن میں عوام نے ن لیگ سمیت باقی کسی سیاسی جماعت کو اکثریت نہیں دی پھر پی پی کو فیصلے کی ذمہ داری ملی تو سی ای سی کا 2روزہ اجلاس کر کے فیصلہ کیا ملک کو معاشی و دیگر مسائل سے نکالنے کیلئے اتحادی حکومت قائم کی جائے ، ن لیگ نے حکومت سازی کیلئے متحرک کردار ادا کیا ،ملک کو مہنگائی ،معاشی بحران سے نکالنے کیلئے پیپلزپارٹی نے ن لیگ کا ساتھ دیا اور اپنا ووٹ دلوانے کے باوجود حکومت کا حصہ نہیں بنے، اعتراض اور مسائل اپنی جگہ مگر ہر بار عوامی اور قومی مفاد کے پیش نظر فیصلے کیے اب بھی یہی کردار ادا کررہے ہیں کیونکہ ملک میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی، غربت میں کمی، دہشت گردی کا خاتمہ، امن و امان اور روزگار چاہتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا ملک کے مسائل کا حل اور مقابلہ کرنے کی ہمت سیاسی جماعتوں کے پاس ہے، ملک کا سب سے بڑا اور اہم مسئلہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے کیونکہ جب تک سیاسی استحکام نہیں ہوگا تب تک معاشی استحکام، امن و امان بہتر نہیں ہوگا ، میری تمام سیاسی جماعتوں اور کارکنوں سے درخواست ہے ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کریں کیونکہ باقی مسائل کا مقابلہ سیاسی استحکام کے بعد ہی ہوسکتا ہے، سیاسی استحکام کی بڑی وجہ اپوزیشن ہے کیونکہ وہ جمہوری اور سیاسی حزب اختلاف کے طور پر سامنے نہیں آرہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کچھ سیاسی جماعتیں سیاسی دائرے میں رہ کر سیاست نہیں کررہی، 9 مئی جیسا واقعہ سیاست نہیں، اسلام آباد میں جو بھی ہوا وہ سیاست نہیں ، اداروں کو آئینی کردار تک محدود رکھنے کیلئے سیاست دان کو سیاسی دھارے میں آنا ہوگا، سیاست دان کو بات چیت کے ذریعے مسئلے حل کرنے چاہئیں، خواہش ہے حکومت ، اپوزیشن کردار ادا کر کے ملک میں سیاسی استحکام قائم کریں، اپوزیشن کی کچھ جماعتیں سیاسی اپوزیشن اور مخالفت کرنا چاہتی ہیں جبکہ غیر سیاسی و غیر جمہوری اپوزیشن کا رویہ مختلف ہے جو اپوزیشن جمہوری اور سیاسی رویہ اپنائے گی اسے ایسے ہی جواب دیا جائے گااگر اپوزیشن کا رویہ سیاسی اور غیر جمہوری ہوا تو حکومت ویسے ہی جواب دے گی،ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتوں کو مل بیٹھ کر سیاسی استحکام قائم کرنا ہوگا، چاہے اس کےلئے بات چیت کرنی پڑے یا لاٹھی کی ضرورت ہو تاکہ ریاست کی رٹ بحال ہو اور معاشی صورت حال بھی بہتر ہو۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کی بات کرتے ہیں مگر اپوزیشن سیاست جماعتوں نہیں اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتی ہے اگر یہی طرز سیاست رہا تو پی ٹی آئی ، ملک دونوں کو نقصان ہوگا، حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیااگر حکومت نے رابطہ کیا تو کوشش کریں گے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا پیپلزپارٹی ہمیشہ ملک و عوام کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی، ملک میں دہشت گردی کا مسئلہ بہت سنجیدہ ہے ، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ معاملے پر آواز بلند کی اور اپنے دور میں سٹیٹ کی رٹ کو بحال کیا، امن و امان کے مسئلے پر سیاست کی جارہی ہے، جب ماضی میں دہشتگردوں کو شکست دے سکتے ہیں تو پھر ایک بار پھر متحد ہوکر ملک سے دہشتگردوں کو شکست دے سکتے ہیں، ملک کے عوام کو زندگی کا تحفظ ضروری ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا خیبرپختونخوا کے حالات بہت سنگین ہیں، امن و امان کی وجہ سے ایمرجنسی بحران پیدا ہوتا جارہا ہے، پارا چنار کے حالات کو سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا دکھا رہا ہے، صوبائی حکومت رٹ بحال کرنے کے بجائے وفاق پر چڑھائی کررہی ہے، وزیراعلیٰ آج بھی اسمبلی میں کھڑے ہو کر وفاق پر گولی چلانے کی دھمکی دے رہا ہے کب تک برداشت کریں پاکستان کے اصل مسائل کچھ اور ہیں، پختونخوا میں 100 سے زائدلاشیں موجود ہیں اور یہ اسلام آباد میں اپنی 100 لاشیں تلاش کررہے ہیں، صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کرم میں وفاق کی مدد سے امن و امان قائم کرے اگر وہ سنجیدہ نہیں اور صرف اپنے لیڈر کی رہائی، این آر او دلوانا ترجیح ہو تو پھر صوبائی حکومت کو چھوڑ دینا چاہیے

بلاول بھٹو نے کہا مجھے امید ہے صوبائی حکومت اپنی غلطی کو تسلیم کر کے اب عوامی مسائل پر توجہ دے گی ، احتجاج ہرپاکستانی کا حق مگر قانون ہاتھ میں لینا اور لشکر کشی کی اجازت کسی صورت نہیں ،پی پی چیئرمین نے کہا حکومت کبھی نہیں چاہتی کسی واقعہ میں کوئی شہری کی جان جائے، امید ہے وفاق اور صوبائی حکومت ملکی مفاد کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان 2.0 لانا پڑے گا اور متفقہ فیصلہ کرنا ہوگا، دہشتگردوں یا ناراض لوگوں کو انگیج کرنے کےلئے بھی پالیسی بنانا ہوگی، ہمیشہ منصوبہ بندی کے ذریعے ہی دہشت گردی کو شکست دی جاسکتی ہے۔