اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے کوئٹہ میں بچے کے اغوا پر ازخود نوٹس لینے کی تردید کر دی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے5 رکنی آئینی بنچ نے کوئٹہ میں بچے کے اغواءسے متعلق کیس کی سماعت کی،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا بچے کے اغواءسے متعلق خفیہ پیشرفت رپورٹ ہے، استدعا ہے بنچ چیمبر میں جائزہ لے، بچے کی بازیابی کیلئے مشترکہ جے آئی ٹی قائم کرنے پر پیشرفت ہو رہی ہے،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے معاملہ پہلے سے زیر التوا ہے، یہ تاثر نہ لیا جائے کہ آئینی بنچ نے ازخود نوٹس لیا ہے،آئینی بنچ نے چیمبر میں رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز کیا تو وکیل بلوچستان حکومت نے استدعا کی کوئٹہ میں جاری دھرنا ختم کرایا جائے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا یہ لوکل انتظامیہ کا کام ہے ہمارا نہیں، اگر کوئی معاونت درکار ہو تو وفاق فراہم کرے،بچے کے والد نے عدالت میں پیش ہوکر کہا مجھے میرا بچہ چاہیے، جسٹس جمال خان مندوخیل نے بچے کے والد سے کہا ہر طرف سے تعاون ہو گا، ہم سب آپ کیلئے پریشان ہیں، آئی جی صاحب نے ساری تفصیلات چمیبر میں بتائی ہیں، کئی باتیں ایسی ہیں جو نہیں بتائی جا سکتیں ورنہ تحقیقات خراب ہوں گی، ہم رپورٹ سے کافی حد تک مطمئن ہیں، میڈیا کیس کی زیادہ تشہیر نہ کرے بچے کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے،جسٹس امین الدین خان نے کہا ہم نے سپریم کورٹ میں بچے کا معاملہ نمٹایا نہیں ہے، جتنا دباو ہوگا بچے کی زندگی کو خطرہ ہوسکتا ہے،ادھر سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے امیدوار کے ایک سے زائد حلقوں میں الیکشن لڑنے پر پابندی سے متعلق درخواست اعتراضات کےساتھ خارج کر دی،وکیل درخواست گزار نے دلائل میں کہا کسی بھی امیدوار کا ایک سے زائد حلقوں سے انتخابات لڑنا آئین و قانون کے بر خلاف ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا ہم قانون ختم تو کرسکتے ہیں لیکن نیا بنا نہیں سکتے، جسٹس علی مظہر نے کہا اگر آپ الیکشن ایکٹ چیلنج کرتے ہیں تو الگ بات ہے،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دئیے اگر قانون میں خود کو ووٹ نہ دینا لکھا ہوتا تو پھر آپ کی بات ٹھیک ہوتی،جسٹس جمال مندو خیل نے کہا قانون میں تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا حلقے سے ہونا لازم ہے، اب مقننہ نے اجازت دی ہے تو آپ مقننہ کی نیت پر سوال نہیں اٹھا سکتے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا بہتر ہوگا درخواست گزار سیاسی لیڈر شپ کو قائل کرے،آئینی بنچ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے خارج کر دی۔
آئینی بنچ نے کوئٹہ میں بچے کے اغوا پر ازخود نوٹس نہیں لیا: جسٹس جمال مندوخیل
















