سٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندی سرمایہ کاروں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد ہے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے، اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاو¿ں گا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے، ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔