پاک چین تعلقات و تاریخی شراکت داری ہمیشہ وقت کی کسوٹی پر پورا اترے،آرمی چیف

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ نے ون آن ون ملاقات کی، پاک فوج کے سربراہ نے باہمی اعتماد و تعاون کی بنیاد پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی،وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی،ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، علاقائی استحکام کےلئے اقدامات اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا دونوں ممالک کے ہرموسم کے دیرینہ مثالی تعلقات باہمی اعتماد و تعاون کی بنیاد پر کھڑے ہیں ، پاک چین تعلقات و تاریخی شراکت داری وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پورا اترے ،پاک فوج کے سربراہ نے بین الاقوامی و علاقائی صورتحال میں پاکستان کےساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وائس چیئرمین ژانگ یوشیا نے سٹریٹجک پارٹنرشپ کیلئے پاکستان کی ثابت قدمی کو سراہا،انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاک فوج کے عزم ، پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور پائیدار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے چین کے عزم کا اعادہ کیا،قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل ژانگ یوشیا نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور خراج عقیدت پیش کیا، جی ایچ کیو آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔