پی ٹی آئی پر فوری دوٹوک فیصلہ نہ کیاتومہنگا پڑےگا :عرفان صدیقی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے پی ٹی آئی پر واضح اور دوٹوک فیصلے کا وقت آ پہنچا، مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی۔

عرفان صدیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا فیصلہ کرنا پڑے گا پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا گروہ ”سیاسی جماعت“ کہلانے کا حق رکھتا ہے؟، پاکستان کی 77 سال کی تاریخ میں کون سی ایسی جماعت ہے جس نے صوبائی طاقت کے ذریعے وفاق پر لشکر کشی کی ہو؟ فائرنگ کی ہو، آنسو گیس پھینکی ہو، نصف درجن اہلکاروں کو قتل اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا ہو؟۔

سینیٹر نے کہا پی ٹی آئی 9 مئی 2023 کے بعد ہر گز سیاسی جماعت نہیں رہی تھی لیکن اسے لمبی ڈھیل دی گئی، نتیجہ یہ کہ سیاسی جھنڈا اٹھائے ایک خونخوار لشکر لاشیں گراتا، خون بہاتا، 9 مئی سے کہیں بڑا 9 مئی ساتھ لئے اسلام آباد تک آن پہنچا۔

دریں اثنا ن لیگی رہنما طلال چودھری نے پی ٹی آئی پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے ریاست سے لڑنا ناممکن ہے، ریاست نے ہر کال کو ناکام بناکر دکھایا ،افسوس ہی ہوتا ہے خیبرپختونخوا کے لوگوں نے کن کو ووٹ دیدیا، بغاوت کا اعلان چاہے جو بھی کرے کامیاب نہیں ہونے دی جاسکتی۔