اسلام آباد :( بیورورپورٹ)نیشنل ایکشن پلان پر ایپکس کمیٹی نے بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کےخلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری دےدی،اجلاس کا مرکزی ایجنڈا انسداد دہشت گردی (CT) مہم کو دوبارہ فعال کرنا تھا، شرکا کو ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور دہشتگردی کےخلاف اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں طے کیا گیا مذہبی انتہا پسندی و غیر قانونی سرگرمیوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی، جرائم ، دہشتگردی کے نیٹ ورکس توڑنے کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے،شرکا نے اتفاق کیا دشمن قوتوں کی طرف سے پھیلائی گئی گمراہ کن مہمات کا سدباب کیا جائے گا، چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کےلئے متحد سیاسی آواز اور قومی بیانیہ ضروری ہے،سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے اور مکمل قومی ہم آہنگی کو انسداد دہشتگردی مہم کی کامیابی کےلئے ناگزیر قرار دیا گیا،اجلاس میں نیکٹا (NACTA) کو دوبارہ فعال کرنے ، قومی و صوبائی سطح پر انٹیلی جنس فیوژن اور تھریٹ اسسمنٹ سینٹرز کے قیام پر اتفاق کیا گیا،اجلاس میں جامع حکمت عملی اپنائی گئی جس میں سفارتی، سیاسی، معلوماتی، انٹیلی جنس، سماجی و اقتصادی اور عسکری کوششوں کو شامل کیا گیا۔
کمیٹی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون کو یقینی بنانے کےلئے اضلاع کی سطح پر کوآرڈی نیشن کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ،بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں بشمول مجید بریگیڈ، بی ایل اے، بی ایل ایف اور بی آر اے ایس کےخلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری دی گئی۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملکی سلامتی کو لاحق ہر خطرے کو ختم کرنے کےلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور حکومت کی جانب سے امن و استحکام کے اقدامات کو بھرپور حمایت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی،وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی طے شدہ اقدامات کو تندہی سے آگے بڑھائیں اور بروقت نفاذ کو یقینی بنائیں،ملکی خودمختاری ،عوام کے تحفظ اور اقتصادی و سماجی استحکام کو مضبوط بنانے کےلئے مربوط و مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔
بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کےخلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری
















