انسانی سمگلنگ کثیر الجہتی چیلنج ، انٹرنیشنل مافیاز سے کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا،محسن نقوی

ہنگری،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر دا خلہ محسن نقوی نے کہاہے انسانی سمگلنگ کثیر الجہتی چیلنج ، انٹرنیشنل مافیاز کے گٹھ جوڑ سے کوئی ملک تنہاءنہیں نمٹ سکتا۔

محسن نقوی نے دورہ ہنگری کے دوران بڈاپیسٹ میں مصروفیات میں دن گزارا،سوئٹزرلینڈ ، یورپی یونین اور انٹرنیشنل مائیگریشن آرگنائزیشن کے وزرا و سربراہوں سے ملاقاتیں کیں، باہمی دلچسپی کے امور، غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر داخلہ نے غیر قانونی مائیگریشن کے سدباب کےلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا انسانی سمگلنگ کثیر الجہتی چیلنج بن چکا ، انٹرنیشنل مافیاز کے گٹھ جوڑ سے کوئی بھی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا،عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمگیریت پالیسی اختیار کرنا ہو گی، غیر قانونی مائیگریشن و انسانی سمگلنگ کے سدباب کےلئے یورپی یونین ،مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، پائیدار اقدامات کرکے نئی نسلوں کےلئے نسبتاََ بہتر مستقبل چھوڑ سکتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا باہمی وفود کے تبادلوں اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کےلئے اشتراک کار بڑھانا ہو گا، متعلقہ اداروں کے افسروں کو خصوصی تربیت کیلئے سوئٹزرلینڈ، یورپی یونین اور انٹرنیشنل مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے تعاون ضروری ہے،آخر میں تینوں وفود نے محسن نقوی کو باہمی اشتراک کار بڑھانے کےلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دریں اثناہنگری میں وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا اقوام عالم کو طویل تنازعات، اقتصادی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز درپیش ہیں، چیلنجز نے دنیا بھر میں امیگریشن کے بہاو¿ کو نئی شکل دی،انسانی سمگلنگ سے منسلک خطرات پرعوامی آگاہی بڑھانے، سرحدی کنٹرول مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں،عالمی امن کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔