عادل بازئی نااہلی درخواست پر فیصلہ محفوظ، سینیٹر سیف سے جواب طلبی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عادل بازئی کی نااہلی کیلئے صدرن لیگ نواز شریف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاگیا۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی،دلائل میں وکیل عادل بازئی نے کہا عادل بازئی کے نام سے کمیشن میں جمع کرایا گیا بیان حلفی جعلی ہے، الیکشن کمیشن بیان حلفی کا فرانزک ٹیسٹ کرا لے جعلی ثابت ہوگا، وکیل ن لیگ نے کہا الیکشن کمیشن کا بیان حلفی دیکھ کر فیصلہ ہونا ہے، عادل بازئی دوسری جماعت میں گئے، بجٹ میں ووٹ نہیں دیا اور اب آئینی ترمیم پر بھی خلاف ورزی کی،الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر عادل بازئی کی نااہلی کیلئے نواز شریف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔


علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے نااہلی کیلئے ریفرنس کے قابل سماعت نہ ہونے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف ابڑو سے تحریری جواب طلب کرلیا۔

مزید برآں پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ کے 21 اکتوبر 2024 کے فیصلے کیخلاف دوسری نظر ثانی اپیل دائر کردی،پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا

درخواست میں استدعا کی گئی سپریم کورٹ کے 13 جنوری اور 21 اکتوبر کے فیصلوں کےخلاف اپیل منظور ،نظرثانی درخواست پر دوبارہ سماعت کی جائے۔