لاہور:(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاپنجاب کے تمام 737 تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پروٹوکولز اور کیو آر کوڈ ورکنگ پر منتقل کیا جا چکا ہے، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز کو بتدریج جدید وسائل اور ٹیکنالوجی سے مسلسل اپ گریڈ کیا جارہا ہے، پنجاب پولیس نے کچے کے علاقے میں 6پولیس سکولز اور متعدد ڈسپنسریاں قائم کر دی ہیں، پنجاب پولیس نے آوٹ ریچ پروگرامز کے تحت فورس کی فلاح کیلئے 13 تعلیمی نیٹ ورکس اور23 میڈیکل سمیت 8 دیگر اداروں کےساتھ ایم او یوز کیے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں 36ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں شامل زیرتربیت افسران کے مطالعاتی دورہ کے موقع پر گفتگو اورسوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔
نیشنل سکول آف مینجمنٹ اسلام آباد سے آئے وفد میں 3 خواتین سمیت 17 افسران شامل تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے وفد کو پنجاب پولیس کے جدید پراجیکٹس، فیلڈ فارمیشنز اور چیلنجز بارے بریفنگ دی، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین نے پولیس فورس کی ویلفیئر پالیسی اور جاری پروگرامز بارے آگاہ کیا، وفد کو سنٹرل پولیس آفس کی لائبریری اور میوزیم سمیت مختلف شعبوں اور فلورز کا وزٹ بھی کرایا گیا،مزید برآں آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں اور لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہر ماہ لاکھوں شہری پولیس خدمت مراکز سے ایک درجن سے زائد پولیسنگ خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں، رواں سال کے دوران 21 لاکھ 22 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے پولیسنگ سروسز حاصل کیں۔
کچے کے علاقے میں 6پولیس سکولز، متعدد ڈسپنسریاں قائم کر دیں:آئی جی پنجاب
















