لاہور: ( انوسٹی گیشن سیل )انوسٹی گیشن پولیس لاہور نے نوجوان احسان کے اندھے قتل کا سراغ لگا کر مقتول کی سابقہ گرل فرینڈ اور حساس ادارے کے اہلکار کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزمان کی سہولت کار دوشیزہ روپوش ہو گئی۔
بتایا گیا ہے 26 اکتوبر کو مہران بلاک علامہ اقبال ٹاﺅن لاہور میں نامعلوم شوٹر نے احسان کو روک کر پٹرول مانگا اور گولی مار کر قتل کرنے کے بعد موبائل چھین کر فرار ہو گیا، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ایم نوید نے کیس کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایس پی انوسٹی گیشن گیلانی کی نگرانی میں انچارج انوسٹی گیشن گلشن اقبال تنزیل بٹ کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا ،کیس میں ایس پی آپریشن علامہ اقبال ٹاﺅن نے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا، مقتول کی کال ڈیٹیل سے ایک لڑکی عرینہ کا نمبر حاصل کیا جبکہ عرینہ کے موبائل ڈیٹا سے جہلم کے ارجمند اور مقتول کے کزن کا نمبر حاصل کیا گیا۔
ریکارڈ کے تجزئیے سے معلوم ہوا عرینہ نے نمبر تبدیل کر لیا ہے،مقتول کے کزن کو حراست میں لیا تو حقیقت سامنے آگئی کہ دوسرے شہر سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آنے والی عرینہ نے دوست احسان کو رشتہ طے ہونے پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کا بولا جو اس نے انکار کر دیا تب عرینہ نے اپنی دوست سے مدد طلب کی جو اس نے اپنے دوست ارجمند سے رابطہ کرایا تب عرینہ نے ارجمند کو اپنے جال میں پھنسا کر احسان کا قتل کرایا، پولیس ٹیم نے تمام کارروائی 48 گھنٹے میں کر کے ارجمند اور عرینہ کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کر لی، ذرائع کے مطابق عرینہ نے پولیس کو بتایا احسان سے 9 سال تعلق رہا اور اب شادی اپنی خالہ زاد سے کر رہا تھا جب اس سے اپنا ڈیٹا واپس مانگا تودینے سے انکار کر دیا ۔
احسان کو تصاویر ،ویڈیوز نہ دینے پر قتل کرایا:ملزمہ عرینہ کا اعتراف جرم
















