لاہور:(حافظ کاشف سندھو سے ) لاہور کے تھانوں میں” ٹاوٹ مافیا“ کا راج،مقدمات کے اندراج و اخراج کے ریٹ مقررتفصیلات کے مطابق لاہور کے60 سے زائد تھانوں میں ٹاوٹ مافیا کا راج قائم ہو چکا ہے، تھانوں میں مقدمات کے اخراج و اندراج کےلئے علیحدہ علیحدہ ریٹ مقرر کر دئیے گئے ۔
سائلین کو 500سے لیکر 2 لاکھ روپے تک مقدمات درج کرانے کی فیس دینا پڑتی ہے،ٹاوٹ مافیا کئی تھانیداروں سے بھی زیادہ بااثر ہوچکے اور تھانوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد چلا رہے ہیں،ٹاوٹ مافیا نے تھانہ میں آنے والے شہریوں کو لوٹنے اور جیب گرم کئے بغیر کام نہ کرنے کی روش اپنا رکھی ہے اور سائلین کےساتھ رویہ بھی انتہاءتحقیر آمیز ہوتا ہے،لاہور کے متعدد ڈی ایس پیز کے دفاتر میں بھی ریڈر حضرات دونوں پارٹیوں سے مقدمہ کے اندراج سے قبل ہی مبینہ طور پر رقم کی وصولی کےلئے سرگرم رہتے ہیں۔
دوسری جانب پولیس حکام نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی آنکھوں پر پٹی باندھ لی ،ذرائع کے مطابق لاہور کے تھانوں میں 300سے زائد ایسے ٹاوٹ موجود ہیں جنہیں ایس ایچ او کا کار خاص کہا جاتا ہے، ان کا پولیس کی نوکری سے دور دور تک تعلق نہیں مگر یہ کئی تھانیداروں سے زیادہ طاقتور ہیں اور اکثر تفتیش اور مقدمات میں ان کی مشاورت شامل ہوتی ہے، تھانہ لوہاری گیٹ،ٹبی سٹی ،بھاٹی گیٹ ،اسلام پورہ ،گلشن راوی ،فیکٹری ایریا،ہنجروال ،گلشن اقبال اورساندہ میں مکمل ٹاﺅٹ مافیا کا راج ہے،بعض ایس ایچ او زتو ایسے بھی ہیں جو تعیناتی یا تبادلے کی صورت میں کار خاص کو ساتھ ہی لے کر آتے ہیں، پولیس اہلکار ٹاوٹس اور کار خاص کو سیکنڈ صاحب کہہ کر پکارتے ہیں،شہریوں نے آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور سے تھانوں سے ٹاﺅٹ مافیا کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور کے تھانوں میں” ٹاوٹ مافیا“ کا راج، ہر کام کے ریٹ مقرر
















