عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں:اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد، راولپنڈی (بیورو رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا حکم دےدیا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس ارباب طاہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی عمران خان کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت وکیل شعیب شاہین نے موقف اپنایا بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلی فونک بات بھی نہیں کرائی جاتی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب دیا واٹس ایپ کال کی سہولت جیل مینوئل میں نہیں ،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے جواب پر جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیئے اپنے لیے بلاوجہ پریشانی نہ بنائیں، واٹس ایپ کال ہو یا جیسے بھی ہو آپ بات کرا دیا کریں،جسٹس ارباب طاہر نے حکم دیا عمران خان جیل مینوئل کے مطابق جس قسم کی سہولیات کے حقدار ہیں فراہم کریں، جیل رولز میں جو سہولت موجود ہے وہ تمام بانی پی ٹی آئی کو فراہم کریں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں اخبار بھی فراہم کرنے کی ہدایت کردی،مزید برآں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ارباب طاہر نے کیس کی سماعت کی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں ،عدالت نے ریمارکس دیئے آپ اس کو دیکھ لیں آئندہ کوئی درخواست ایسے یہاں نہ آئے،عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات پر پابندی نہ ہونے پر درخواست نمٹا دی،مزید برآں اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاو¿نڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،بشریٰ کے وکلا کی عدم موجودگی کے باعث کیس کے تفتیشی افیسر پر جرح نہ ہو سکی،عدالت نے ریمارکس دئیے وکلا کا یہی طریقہ کار رہا تو ضمانت منسوخ کر کے وارنٹ دوبارہ جاری ہو سکتے ہیں، عدالت نے 190 ملین پاو¿نڈ ریفرنس پر سماعت آج تک ملتوی کردی۔