پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پر چینی سفیر کا بیان سفارتی آداب کے منافی قرار

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان نے چینی باشندوں کی سکیورٹی صورتحال پر چینی سفیر کے بیان کو سفارتی آداب کے منافی قرار دیدیا، چینی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے سفارتی آداب کے منافی بیان پر احتجاج کیا گیا اور احتجاجی مراسلہ حوالے کیاگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات پاک چین سفارتی روایات کی عکاسی نہیں کرتے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بھی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران چینی سفیر کے بیان کو حیران کن قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ چینی سفیر کا بیان پاکستان چین سفارتی روایات کی عکاسی نہیں کرتا۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے افسوسناک واقعات ہورہے ہیں، پاکستان میں قیادت کی سطح پر یہاں چینی باشندوں، منصوبوں اور کمپنیوں کے تحفظ کے عزم کی تجدید کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ منگل کو اسلام آباد میں چین کے 75 ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے چینی شہریوں کو درپیش خطرات پر بیجنگ کے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور چینی شہریوں اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے مزید اقدامات پر زور دیا۔

جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت صدر شی جن پنگ کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے اور صدر نے پاکستانی رہنماوں سے ملاقاتوں میں متعدد مواقع پر اس بات پر زور دیا ہے۔