کراچی، لاہور (بیورورپورٹ+ کورٹ رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف 2 درخواستوں کو یکجا کر دیا،26 ویں آئینی ترمیم کےخلاف سندھ ہائیکورٹ میں ایک بار پھر درخواست دائر کردی گئی، سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے 26 ویں آئینی ترمیم کےخلاف درخواستوں پر سماعت کی،بیرسٹر علی طاہر نے کہا فوری نوعیت کا معاملہ ہے، درخواست جلد سن لیں ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا آج دونوں درخواستیں باجماعت سن لیں گے،دوران سماعت عدالت نے کہا 26 ویں ترمیم میں آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کیا گیا،بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے دونوں درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت آج تک کےلئے ملتوی کردی،دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری نذیر احمد چودھری کی درخواست پر سماعت کی،درخواست میں موقف اپنایا گیا 26 ویں ترمیم آئین پاکستان کے دیباچہ کے برخلاف ہے، آئین کے دیباچہ میں طے کردہ آزاد عدلیہ کے اصول کےخلاف ہے، سنیارٹی کا اصول نظر انداز کر کے بھی عدلیہ کی آزادی پر قدغن لگائی گئی، جوڈیشل کمیشن میں ممبران اسمبلی اور وزراءکی شمولیت عدلیہ کی خود مختاری پر وار ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے عدالت 26 ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے 26 ویں آئینی ترمیم کےخلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر ہوچکی ہے، بعدازاں عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
نئی 26 ویں ترمیم میں آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کیا گیا:سندھ ہائیکورٹ
















