اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں غیر معیاری کھانا دیا گیا جس سے ان کو الٹیاں ہوئیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آج 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس سے متعلق متعلقہ دستایزات ہم سے شیئر کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن اے ٹی سی فیصل آباد، اے ٹی سی لاہور میں میرا کیس لگا ہوا ہے اور یہاں بھی میرے وارنٹ جاری ہوئے تھے، اسلئے یہاں حاضر ہوا ہوں، کل اور پرسوں بھی پورے پاکستان میں سماعت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ ایک ہی دن گوجرانوالہ، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد میں ایک وقت میں کیسے حاضر ہوسکتا تھا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سب کے سب جعلی کیس ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، جس طرح وہ جواں مردی کے ساتھ پاکستان، اپنے اصولوں اور حقیقی آزادی کیلئے کھڑے ہیں، قوم ان کو سلام پیش کرتی ہیں اور وہ بہت جلد رہا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف درست ہے کہ عمران خان کے سیل کے اندر بجلی بند کی گئی، پانی بند کیا گیا اور غیر معیاری کھانا دیا گیا جس سے انہیں الٹیاں ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی بہادری اور عظمت کو سلام کرتے ہیں جس طرح انہوں نے 9 مہینے جیل گزاری، ان کے کھانے میں ’ہارپک‘ (زہر) تک ملایا گیا لیکن وہ آہنی دیوار کی طرح کھڑی رہیں، انہیں باعزت طریقے سے ضمانت ملی ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے 85 سے زائد کارکنان اور مرکزی رہنما ملٹری کورٹس میں ہیں، عمران خان کی بہنوں سمیت پارٹی کے اہم رہنماوں کو جیل میں بند رکھا گیا ہے، سب کو سلام پیش کرتے ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
عمران خان کو جیل میں غیر معیاری کھانا دیا گیا جس سے ان کو الٹیاں ہوئیں: عمر ایوب
















