چین کا پاکستان پر اپنے شہریوں اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے مزید اقدامات کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) چین نے پاکستان میں اپنے شہریوں اور سرمایہ کاری کو درپیش خطرات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سے اس سلسلے میں مزید اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ چینی کیلئے شہریوں کی حفاظت اہم ترین معاملہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں چین کے 75ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے چینی شہریوں کو درپیش خطرات پر بیجنگ کے تحفظات کا اظہار کیا اور چینی شہریوں اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے مزید اقدامات پر زور دیا۔ جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت صدر شی جن پنگ کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے اور صدر نے پاکستانی رہنماوں سے ملاقاتوں میں متعدد مواقع پر اس بات پر زور دیا ہے۔

دوسری طرف نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے شہریوں کوہرقیمت پر تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملوں میں ملوث زیادہ تر حملہ آوروں کو پکڑ لیا گیا ہے اور چینی حکام کو دہانی کرائی کہ پاکستان میں چینیوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مکروہ فعل میں ملوث ملزمان کو مناسب کارروائی کے بعد انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا اور ہم چینی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔