اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے ابھی کامیابی نہیں ہوئی،سی پیک کو پاکستان کےلئے چین کا ”شاندار تحفہ“قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان منصوبے کو مزید ترقی دینے کےلئے پرعزم ہے تاکہ زراعت، صنعتی ترقی، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جا سکے،وزیر خارجہ نے بین الاقوامی کانفرنس ”چین 75: ترقی، تبدیلی اور عالمی قیادت کا سفر“ میں خطاب کرتے ہوئے کہا سی پیک نے پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر لوڈشیڈنگ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد دی ، حکومت چین کی جانب سے زرعی ٹیکنالوجی کی تربیت کےلئے 1000 پاکستانی طلباءکو چین بھیجنے کی پیشکش کو عملی جامہ پہنانے کےلئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل میں چین کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ون چائنا پالیسی کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے،نائب وزیر اعظم نے امید ظاہر کی چینی قیادت اور عوام کی محنت کی بدولت چین جلد ہی دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائےگا،اسحاق ڈار نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے کہا حکومت نے امریکی قیادت کو معافی کےلئے قائل کرنے کی کوششیں کیں مگر کامیابی نہیں مل سکی، وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈاکٹر عافیہ کی معافی کےلئے خط بھی لکھا تھا، اب 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو امریکی پارلیمنٹیرین سے ملاقاتیں کرے گی تاکہ معافی، رہائی اور انہیں پاکستان واپس بھیجنے کے لیے لابنگ کی جا سکے،اسرائیل کی غزہ میں جاری بربریت کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کرتے ہیں اور قتل عام روکنے، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں،اسحاق ڈار نے لبنان اور ایران پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان نے غزہ کےلئے 10 بڑی امدادی کھیپ بھیجی ہیں اور پاکستانی سرکاری اور نجی میڈیکل کالجوں میں فلسطینی طلباءکی تعلیم مکمل کرانے کے اقدامات شروع کیے ہیں۔
ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کےلئے امریکی حکومت کو قائل نہیں کرسکے:اسحاق ڈار
















