نیویارک (بیورو رپورٹ) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے تصدیق کی ہے کانگریس ارکان کی جانب سے عمران خان کی رہائی کےلئے حکومت پاکستان سے بات کرنے سے متعلق خط موصول ہوگیا جس کامناسب وقت پرجواب دیں گے۔ان خیالات کا اظہار امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے انسانی حقوق کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا جمہوری روایات کی ہمیشہ حمایت کی ہے،یاد رہے 23 اکتوبر کو کانگریس کے 60 ارکان نے جوبائیڈن انتظامیہ کو خط لکھا ہے جس میں اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے،ارکان اسمبلی نے اپنے خط میں جوبائیڈن حکومت پر زور دیتے ہوئے کہاپاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوریت کی حمایت کرے اور پاکستان سے اس پر بات کریں،خط کے ذریعے کانگریس کے اراکین نے صدر جو بائیڈن سے کہا وہ عمران خان کی رہائی کےلئے پاکستان کےساتھ اپنے تعلقات کو استعمال کریں۔
عمران خان کی رہائی کیلئے کانگریس ارکان کے خط کا مناسب وقت پر جواب دینگے: میتھیو ملر
















