پارلیمنٹ کے علاوہ کسی اور ادارے کو آئین کی من پسند تشریح کرنے کا اختیار نہیں،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر ا طلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے آئینی بنچ کا قیام میثاق جمہوریت کے مطابق عمل میں لایا گیا ،پارلیمنٹ کے علاوہ کسی اور ادارے کو آئین کی من پسند تشریح کرنے کا اختیار نہیں۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہااڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کا وفد آئینی ترمیم پر بات کرنے گیا تو مہاتما 45 منٹ اپنے رونے روتا رہا، بانی پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے بدلے این آر او حاصل کرنا چاہتے ہیں جو ملنا نہیں،ایک سال جیل میں رہنے کے بعد بھی مائنڈ سیٹ انتشاری ٹولے کے سرغنہ والا ہے جن لوٹوں سے بانی پی ٹی آئی وزیراعظم بنے ان کو اب غدار کہتے شرم آنی چاہیے۔

وزیراطلاعات نے کہاجیل میں کوکونٹ ، چقندر کا جوس پینے سے انقلاب نہیں آتے، پی ٹی آئی اراکین عمران خان کی ریاست مخالف سرگرمیوں سے تنگ آچکے ، بانی پی ٹی آئی چاہتے ملک میں پھر ایک اور 9 مئی ہو جو اب ہونے نہیں دینگے،سپریم کورٹ کا اختیار صرف فیصلے جاری کرنا وضاحتیں جاری کرنا نہیں، آئینی ترامیم پر اتفاق رائے اچھی بات ہے۔