آئینی ترمیم،اتفاق کیلئے کمیٹی قائم،بلاول نے عوام سے رائے مانگ لی،چیف جسٹس سپریم کورٹ بھی پارلیمنٹ لگائے گی،حکومتی مسودہ،ایم کیو ایم کی حمایت مشروط

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ایک اور اہم بیٹھک،آئینی ترامیم پر حکومتی جماعتیںایک،جے یوآئی کاساتھ دینے سے انکار،آئینی عدالت کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے آئینی بنچ کی تجویز دےدی،پی ٹی آئی نے مسودہ بانی کےساتھ مشاورت سے مشروط کردیا،معاملے پر اتفاق رائے کیلئے ذیلی کمیٹی قائم ،پی ٹی آئی کے 2ممبران بھی شامل،خصوصی کمیٹی کے اراکین نے پی ٹی آئی کے 15 اکتوبرکی احتجاجی کال پر تشویش کااظہار کر دیا۔

آئینی ترامیم کے مسودے پر اتفاق رائے کےلئے پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا اجلاس خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا ،حکومت ،اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی جماعتیں آئینی ترامیم کے معاملے پر ایک پیج پر آگئیں،حکومت کی آئینی ترامیم کے 56نکاتی مسودے پر پارلیمانی رہنماوں سے مشاورت جاری ہے، حکومت نے فضل الرحمن کو ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کا حصہ بنایا، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر بھی ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک رہے،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کا شکوہ کیا ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاابھی آئینی ترمیم پر تجویز دیں معاملہ بعد کا ہے،بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر نے بھی آئینی ترامیم پراپنی تجاویز کمیٹی اجلاس میں پیش کیں۔

جے یو آئی نے آئینی ترامیم پر خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں مجوزہ مسودہ پیش کرتے ہوئے آئینی عدالت پر حکومت کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا اور آئینی عدالت کی جگہ بنچ تشکیل دینے کی تجویز دیدی،سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا پیپلز پارٹی ،جے یو آئی کے ڈرافٹ میں صرف آئینی عدالت ،بنچ کا فرق ہے، پیپلز پارٹی کے باقی ڈرافٹ پر کوئی اعتراض نہیں، امید ہے جلد دونوں جماعتیں مشترکہ ڈرافٹ پر اتفاق کر لیں گی۔

کامران مرتضیٰ نے حکومت کے 56نکاتی مسودے کے جواب میں 24نکات پیش کرتے ہوئے کہا 200سے بھی کم آئینی مقدمات کےلئے بڑے سیٹ اپ کی کوئی ضرورت نہیں ،پی پی رہنما شیری رحمن نے کہا کوئی چیز پرفیکٹ نہیں ہوتی، آئینی ترمیم بھی پرفیکٹ نہیں ہوگی، شفافیت لانے اور اتفاق رائے کی کوشش کی جارہی ہے، کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ ہے، قائد اعظم نے بھی آئینی عدالت کو ترجیح سمجھا، آئینی ترمیم عدالت پر حملہ ہر گز نہیں ،اجلاس میںمعاملے پر اتفاق رائے کیلئے ذیلی کمیٹی قا ئم کردی گئی،تمام جماعتوں کے ڈرافٹ پیش کیے جائیں گے۔

آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پیر کو دوبارہ طلب کرلیا گیا،مختلف سیاسی جماعتوں کے آئینی ترامیم پر مسودے کا جائزہ لیا جائےگا،ذیلی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے 2اراکین کو بھی شامل کرلیا گیا، کمیٹی 2روز میں سفارشات مرتب کرکے خصوصی کمیٹی کو دے گی،کمیٹی اجلاس میں کوئی بھی شرکت کر سکے گا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی اراکین نے پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبرکو احتجاجی کال پراظہار تشویش کرتے ہوئے کہاکیسے ہو سکتا ہے ایک طرف اکٹھے بیٹھ کرترامیم کیلئے اتفاق رائے پیداکریں اور دوسری طرف ایس سی او کانفرنس کے موقع پر انتشاری سیاست کی جائے۔

اپوزیشن لیڈرعمرایوب نے کہا احتجاج کرنا آئینی حق ہے،حکومت نے فسطائیت کی انتہاکردی، کارکنوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے،واضح کرنا چاہتا ہوں پی ٹی آئی کسی منفی سیاست پریقین نہیں رکھتی، آئینی ترامیم پر اپنا مو¿قف کھل کرپیش کریں گے ، آواز ہمیشہ کی طرح نہیں دبائی جائے گی۔

اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا بات گفت و شنید سے آگے بڑھتی ہے، کون سی ایسی چیز ہے جس کا حل نہیں؟ آئین کی حدود کے اندر گفت و شنید کا سلسلہ جاری ہے، صرف تنقید سے معاملات حل نہیں ہوں گے اپنی تجاویز بھی دیں، ملک چوک ہوا پڑا ہے، فیصلوں پر تنقید ہورہی ہے۔

وزیر قانون نے کہاپارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں قانونی ماہرین کی کمیٹی بنائی گئی ، آئینی ترمیم 25 اکتوبر ،2ماہ بعد بھی ہوسکتی ہے،کیسی جلدی ہے؟ اب تو ڈیڑھ مہینہ ہوگیا، ججز کی تعیناتی کسی زمانے میں گورنر جنرل، کبھی صدر اور کبھی مارشل لاایڈمنسٹریٹر کرتے رہے ہیں، امریکہ میں ججز کی تعیناتی کا اختیار صدر کے پاس ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے حکومت 24 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کرے گی کس مقام پر چیف جسٹس کی حلف برداری ہونی ہے،نئے چیف جسٹس کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کےلئے ڈیڈ لائن 24 اکتوبر ہے،چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن ہمیشہ سے تقرر سے ایک 2 دن پہلے ہی کیا جاتا ہے، قاضی فائز عیسیٰ کا نوٹیفکیشن نگراں حکومت کی آمد کے پیش نظر کچھ پہلے کیا گیا ۔


پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا معاملات درست سمت میں ہے مثبت امید رکھیں، 25 اکتوبر کا معاملہ الگ ہے یہ آئینی ترمیم ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا بڑی جماعتیں پی پی ،ن لیگ آئینی ترمیم کےلئے وکالت کررہی ہیں، اپوزیشن یعنی پی ٹی آئی مخالف ہے، تینوں جماعتیں اپنی اپنی ضرورت کے حساب سے کسی بھی اصلاحات کی حمایت یا مخالفت کرتی ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں ہوتی توایسے ہی بل کی ضرورت پڑتی ، فاروق ستار نے کہا آئینی ترمیم کا مسودہ نہیں دیکھا، اصولوں کو ڈھونڈ رہے ہیں،بعد ازاں ایم کیوایم کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور اپنی آئینی ترامیم کامسودہ پیش کرتے ہوئے حکومتی حمایت کیلئے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کا مطالبہ کردیا،وفد نے مطالبہ کیا ایم کیوایم کے مسودے کو بھی ترمیم کا حصہ بنایا جائے۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی،جے یوآئی رہنماﺅں میں ملاقات ہوئی،آئینی ترامیم پر مشاورت کی گئی،ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا مسودے پر ایک دوسرے کی رائے جانی ،مشاورت جاری رکھیں گے۔

کامران مرتضیٰ نے کہا اچھی آئس کریم اور اچھا کھانا کھایا اب جارہے ہیں، مسودے پر مشاورت کافی حد تک مکمل کرلی اب مولانا سے بات کروں گا، آئینی عدالت اوربنچ کے معاملات میں پھنسے ہیں، امید ہے مسئلہ جلد حل ہوجائے گا، مولانا کو اعتماد میں لیں گے، مزید معلامات پر بھی بات چیت ہوگی۔

مزید برآں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہاجے یو آئی اور حکومت کے ڈرافٹ کی کاپی مل گئی ،غور کریں گے، واضح طور پر کہا آئینی عدالت بنانا بالکل غلط ہے،سپریم کورٹ کے پاس 65 ہزار سے زائد کیس زیر التوا،148 آئینی مقدمات ہیں، سپریم کورٹ کے پاس 2800موٹو کیس التوا میں ہیں، آپ صرف 176 مقدمات کیلئے عدالت بنا رہے ہیں جبکہ سارا بوجھ پھر بھی سپریم کورٹ کے پاس رہے گا ایسا طریقہ نکالنا چاہیے کیسز کا بوجھ ختم ہو۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا حکومتی مسودے میں آئینی عدالت بنانے کی تجویز ہے، مسودے میں ہے آئینی عدالت کے چیف جسٹس کا تقرر وزیراعظم کریں گے، دستاویز میں ہے اگلے 4 ججز کو وہ چیف جسٹس اپوائنٹ کرے گا جسے خود وزیراعظم اپوائنٹ کریں گے، ربڑ سٹیمپ کورٹ بنانے جا رہے ہیں جس کے پانچوں ججز وزیراعظم کے اپوائنٹ کیے ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا 2 ہزار کارکن گرفتار ہیں ،رہائی کی بات کی گئی، پارٹی ایم این ایز کو 50، 50 کروڑ تک کی آفر کی جا رہی ہے، حکومت چاہتی ہے متوازی جوڈیشل نظام بنایا جائے۔

ادھر آئینی ترامیم پرحکومتی مسودے کے نکات سامنے آگئے، حکومت نے وفاقی آئینی عدالت کی تشکیل کا فارمولہ سیاسی جماعتوں سے شیئرکردیا،حکومتی مسودے میں تجویز کیا گیا وفاقی آئینی عدالت قائم کی جائے گی ،پہلے چیف جسٹس کا تقرر صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر کریں گے،آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس اور 3سینئر ججز کا تقرر کمیٹی کی سفارش پر کیا جائے گا، کمیٹی میں 4 اراکین پارلیمنٹ، وفاقی وزیر قانون اور پاکستان بار کونسل کا نمائندہ شامل ہوگا۔

آئینی عدالت کے ججز کے تقرر کیلئے کمیشن تشکیل دیا جائے گا ،سربراہ وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس ہوں گے،کمیشن ممبران آئینی عدالت کے 5سینئر ترین ججز ہوں گے، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل، سپریم کورٹ بار کا نمائندہ اور 4اراکین پارلیمنٹ کمیشن کا حصہ ہوں گے،حکومت نے سپریم کورٹ کے ججز کے تقرر کےلئے بنائے جانےوالے کمیشن میں چیف جسٹس سپریم کورٹ اور 5سینئر ترین جج شامل کرنے کی تجویز دےدی ،وفاقی آئینی عدالت میں چاروں صوبوں کی یکساں نمائندگی ہوگی۔

چیف جسٹس کی مدت ملازمت 3سال ،عمر کی بالائی حد 68 سال ہوگی،سپریم کورٹ کے ججز کے تقرر کےلئے کمیشن کی سربراہی چیف جسٹس کریں گے،ہائی کورٹس کے ججز کے تقرر کےلئے کمیشن میں متعلقہ چیف جسٹس ،سینئر ترین جج شامل ہوں گے، ہائیکورٹ کے ججز کی تقرری کےلئے صوبائی وزیر قانون ،ہائی کورٹ بار کا نمائندہ کمیشن کا حصہ ہوگا،وفاقی آئینی عدالت کے باقی ممبران کا تقرر صدر چیف جسٹس کی مشاورت سے کریں گے۔


حکومتی نکات کے مطابق جج کی عمر 40 سال، 3سالہ عدالت اور 10سالہ وکالت کا تجربہ لازم ہوگا، جج کی برطرفی کیلئے وفاقی آئینی کونسل قائم کی جائے گی، کسی بھی جج کی برطرفی کی حتمی منظوری صدر دیں گے،وفاقی آئینی عدالت کا فیصلہ کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکے گا، چاروں صوبائی آئینی عدالتوں کے فیصلوں کےخلاف اپیل وفاقی آئینی عدالت میں دائر ہوسکے گی،سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا تقرر بھی 8رکنی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے ہوگا، سپریم کورٹ کا چیف جسٹس 3سینئر ترین ججز میں سے ہوگا،جج کی اہلیت رکھنے والے شخص کےلئے نام پر مشاورت کے بعد وزیراعظم معاملہ صدر کو بھجوائیں گے۔

علاوہ ازیں مجوزہ آئینی ترمیم پر جے یوآئی کا ڈرافٹ بھی منظر عام پر آگیا،ڈرافٹ کے مطابق آئینی مقدمات کی سماعت کےلئے سپریم کورٹ کے خصوصی بنچز تشکیل دئیے جائیں گے، آئینی بنچ چیف جسٹس اور 4 سینئر ترین ججوں پر مشتمل ہو گا۔

ججز تعیناتی کی حد تک 18ویں ترمیم پر عملدرآمد کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہائیکورٹ کے آئینی بنچ کے فیصلوں کےخلاف سپریم کورٹ کا آئینی بنچ اپیل کی سماعت کا مجاز ہو گا جبکہ آئین کی تشریح سے متعلقہ مقدمات کی سماعت محض آئینی بنچ کرے گا،کسی بھی قانون سازی کی اسلامی نظریاتی کونسل سے منظوری لازمی ہو گی، یکم جنوری 2028 سے تمام اقسام کے سودختم کیے جائیں

جے یوآئی نے سپریم جوڈیشل کونسل میں تمام صوبائی ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی شمولیت اور نااہل ججز کےخلاف کارروائی کی تجویز دیتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل کے نئے چیئرمین کی تعیناتی پارلیمان کے کسی بھی ایوان سے قرارداد کی منظوری سے مشروط کی جائے جبکہ پارلیمان اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹس پر ایک سال میں قانون سازی کی پابندہو گی،مجوزہ ترمیم میں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کے امور پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کی منظوری سے مشروط اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 میں بھی ترامیم کی جائیں۔

مزید برآں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 26 آئینی ترمیم کے ذریعے وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی کےساتھ آئینی عدالت کے قیام کی تجویزدیتے ہوئے عوام سے بھی تجاویز طلب کرلیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں عدالتی اصلاحات پر میثاق جمہوریت کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کےلئے پی پی کی تجاویز جاری کرنے کےساتھ آئینی ترامیم پر مسودہ بھی عوام سے شیئر کر دیا۔

چیئرمین پی پی نے کہاوفاقی آئینی عدالت کے قیام کی تجویز دیتے ہیں جس میں تمام وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی ہو، وفاقی آئینی عدالت بنیادی حقوق، آئینی تشریح ، وفاقی اور بین الصوبائی تنازعات کے تمام مسائل کو حل کرے گی،ججوں کی تقرری کا عمل جو ججوں کے ذریعے اور ججوں کےلئے ہوتا ہے ختم کیا جائے ،ججوں کی تقرری عدالتی ،پارلیمانی کمیٹیوں کو ضم کر کے پارلیمنٹ، عدلیہ اور قانونی برادری کو مساوی کردار دینے کے قائل ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاپی پی نے اپنا مسودہ چند مہینے قبل حکومت اوراب خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں شیئر کر دیا ،عوام کی جانب سے ترمیم کو مزید بہتر بنانے کےلئے جائز اور معنی خیز تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہوں،پیپلز پارٹی پہلے ہی اہم ترمیم پر سیاسی جماعتوں، بار ایسوسی ایشنز اور سول سوسائٹی سے اپنی وسیع تر ملک گیر مشاورتی مہم کے سلسلے میں رابطے کر رہی ہے،جے یوآئی کےساتھ مفید مذاکرات جاری ہیں ،امید ہے مشترکہ مسودہ 26ویں آئینی ترمیم کو منظور کرنے کےلئے سیاسی جماعتوں کے وسیع تر اتفاق رائے کی بنیاد بن سکتا ہے۔