ایس سی او کانفرنس کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے: محسن نقوی

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،خبر نگار) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ایس سی او کانفرنس کامیاب خارجہ پالیسی کا عکاس ہے، محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس ہوا ،شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا،چیف کمشنر اسلام آباد علی رندھاوا نے ایس سی او سربراہی کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات پر بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے ریڈ زون بالخصوص وی وی آئی پی روٹس کی بیوٹیفکیشن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اہم شاہراہوں کے اطراف دیدہ زیب لینڈسکیپنگ کی جائے، شہر بھر کو خوبصورت پھولوں ،فینسی لائٹس سے سجایا جائے، اجلاس میں غیر قانونی سوسائٹیز کےخلاف بلا تفریق کارروائیاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، محسن نقوی نے کہا اسلام آباد شہر کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کےلئے کارروائیوں میں کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر ن لیگ حمزہ شہباز نے ملاقات کر کے ملک کی مجموعی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اظہار اطمینان کیا گیا ۔