شمالی وزیرستان (مشرق نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے جبکہ 6 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والے 5 بہادر سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے جب کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے سپن وام میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد شوکت اور لانس نائیک محمد اللہ ، لانس نائیک اختر زمان ، لانس نائیک شاہد اللہ ، لانس نائیک یوسف لانس اور سپاہی جمیل احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیں ہیں، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں۔
شمالی وزیرستان میں فائرنگ کا تبادلہ، لیفٹیننٹ کرنل اور 5 جوان شہید، 6 خوارج ہلاک
















