ایک اور وعدہ وفا،پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا سنگ بنیاد

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،ایجوکیشن رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا،آٹزم سکول کی تعمیر ایک سال میں مکمل کر دی جائے گی، مریم نوازنے آٹزم سکول کے ماڈل کا معائنہ کیا،بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا پہلا آٹزم سکول گراﺅنڈ ،فرسٹ فلور پر مشتمل ہوگا، جونیئر سیکشن کےلئے 11کلاس رومز اور سینئر سیکشن کےلئے10کلاس روم بنائے جائیں گے، گراﺅنڈ فلور پر کیوبیکل سپیچ سیشن، 10کلاس روم، تھراپی روم، پیڈز روم، پری ووکیشنل ٹریننگ روم، ڈیلی لیونگ ایکٹیویٹی روم اور کمپیوٹر روم قائم ہوگا، فرسٹ فلور پر 3کلاس روم،ملٹی پرپز ہال، کمیٹی روم، لائبریری، ریسورس روم اور میٹریل ڈیویلپمنٹ روم قائم کیے جائیں گے،آٹزم سکول میں مستقبل کے استعمال کےلئے 2مزید فلور بنانے کی گنجائش ہوگی ،سکیورٹی وال، فائر الارم سسٹم، ٹیلی فون ایکسچینج، اوور ہیڈ ریزروائر قائم ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے آٹزم ماہرین کی فوری ہائرنگ اور آٹزم کے ماہرین کی مشاورت سے پراجیکٹ تیار کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہاپاکستان کا پہلا آٹزم سکول پراجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے، آٹزم کا شکار بچے ہمدردی ،محبت کے مستحق ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پہلی سہ ماہی کے ریونیو اہداف وصولی کا جائزہ لیاگیا،مریم نوازنے مختلف محکمو ں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے اراضی کے بہترین استعمال کےلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری ،پنجاب ریونیو اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی ،اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

مریم نوازنے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کےلئے پلاننگ ،ریسٹورنٹس، بیکریاں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاعوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریو نیو کی وصولی میں اضافہ کیاجائے گاجو بھی سرکاری خزانے میں جمع ہوگا پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی،پنجاب ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کی ٹائم لائن مقرر کر دی۔

وزیراعلیٰ نے کہاعوام کےلئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل بہت زیاد ہ نہیں ،ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں ،ریونیو ٹارگٹ پورے کرنے والے ڈیپارٹمنٹس کو شاباش دی۔