تحریک انصاف آج راولپنڈی میں احتجاج کرے گی، دفعہ 144 نافذ

راولپنڈی (مشرق نیوز) تحریک انصاف آج راولپنڈی میں احتجاج کریگی جس کے باعث انتظامیہ کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور شہر کے داخلی راستوں پر کنٹینر پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے شہر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے رینجرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل عمران خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ نہیں احتجاج کریں گے اور عدالت سے راولپنڈی جلسے کی درخواست واپس لیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں تمام عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہر میں نیم فوجی دستے تعینات کردیے۔

تحریک انصاف نے ابتدائی طور پر لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن پھر اسے احتجاج اور مظاہرے میں تبدیل کردیا، پی ٹی آئی کے بانی رہنما عمران خان نے کہا کہ حکومت ان کی پارٹی کو شہر میں جلسے کیلئے جگہ کی اجازت نہیں دے رہی۔ گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر حماد اظہر نے کہا کہ پارٹی دوپہر 2 بجے ’پرامن سیاسی عوامی اجتماع‘ کا انعقاد کریگی۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ وقت پر پنڈال میں پہنچ جائیں، کیونکہ گزشتہ ہفتے لاہور میں پارٹی کے گزشتہ اجتماع کو پولیس نے مقررہ وقت آگے بڑھنے پر روک دیا تھا۔ اگرچہ پی ٹی آئی رہنماو¿ں نے ’تمام رکاوٹوں کے باوجود‘ پنڈال تک پہنچنے کا عزم ظاہر کیا ہے لیکن بظاہر یہ آسان دکھائی نہیں دیتا۔

راولپنڈی پولیس، رینجرز اور پنجاب کانسٹیبلری نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے تیاری کرلی ہے اور شہر کے داخلی راستوں کو کنیٹینرز اور خاردار تاروں سے بند کردیا گیا ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کے داخلے کو روکا جاسکے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ شہر میں امن کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور کسی کو بھی احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔