صرف مذمت کافی نہیں،اسرائیلی مظالم کو روکنا ہوگا،آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے،وزیراعظم

نیویارک: (خواجہ فاروق)وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین ،لبنان میں اسرائیلی جارحیت کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے صرف تنازع نہیں ،معصوم لوگوں کا منظم قتل ، انسانی زندگی ، وقار کی روح پر حملہ ہے، غزہ میں جاری مظالم کی صرف مذمت کافی نہیں ،بربریت کو فوری روکنا ہوگا،خونریزی پر خاموش نہیں رہا جا سکتا،اسرائیلی جارحیت کو طوالت دینے والوں کے ہاتھ بھی بچوں کے خون سے رنگے ہیں،نہتے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، فلسطینی بچے شہید ہورہے ہیں مگر دنیا خاموش تماشائی بنی ہے ،قابل عمل، محفوظ، مسلسل و خودمختار فلسطینی ریاست کو 1967کی سرحدوں سے پہلے کی بنیاد پر تلاش کرنا چاہیے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن بھی فوری طور پر تسلیم کیا جائے۔

شہبازشریف نے کہاعالمی برادری کو پائیدار امن ،دو ریاستی حل کےلئے کردار ادا کرنا ہوگا،بھارت کے جارحانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کی مثبت تجاویز کا بھارت نے جواب نہیں دیا، پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا،دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری قیمت چکائی،بہادر جوانوں، بچوں ، شہریوں نے ناسور کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا،فتنہ الخوارج کے عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا

وزیراعظم نے کہاغزہ کے لوگوں کی حالت زار پر پاکستانی عوام کی جانب سے دکھ و درد کا اظہار کرتا ہوں،غزہ مظالم نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا، مقدس سرزمین میں رونما ہونےوالے سانحہ کو دیکھتے ہوئے دل خون کے آنسو روتے ہیں،بچے ٹوٹے گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہوں تو کیا بحیثیت انسان خاموش رہ سکتے ہیں ؟کیا ان ماﺅں کی طرف آنکھیں بند کر سکتے ہیں جو اپنے بچوں کے بے جان جسموں کو جھولا دیتی ہیں؟۔

شہبازشریف نے کہاجب لامتناہی مصائب کو نظر انداز کرتے ہیں تو اپنی انسانیت کو حقیر کر دیتے ہیں، صرف مذمت کرنا کافی نہیں اب عمل کرنا ہوگا اور خونریزی کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے،یاد رکھنا چاہیے بےگناہ فلسطینیوں کا خون ،قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی،دو ریاستی حل کے ذریعے پائیدار امن کےلئے کام کرنا چاہیے، 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی قابل عمل، محفوظ، متصل اور خود مختار ریاست فلسطین کی جستجو کرنی چاہیے جس کا مستقل دارالحکومت القدس الشریف ہو ،مقاصد کو آگے بڑھانے کےلئے فلسطین کو فوری طور پر اقوام متحدہ کا مکمل رکن بھی تسلیم کیا جانا چاہیے


وزیراعظم نے کہا چند دنوں میں لبنان پر اسرائیل کی بے دریغ بمباری سے خواتین ،چھوٹے بچوں سمیت 500 سے زائد افرادشہید ہوگئے،اقوام متحدہ قراردادوں پر عملدرآمد میں ناکامی اسرائیل کا حوصلہ بڑھاتی ہے، پورے مشرق وسطیٰ کو ایسی جنگ میں گھسیٹنے کا خطرہ ہے جس کے نتائج سنگین و ناقابل تصور ہو سکتے ہیں،فلسطین کے عوام کی طرح جموں و کشمیر کے عوام بھی صدی سے آزادی و حق خود ارادیت کےلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاامن کی طرف بڑھنے کی بجائے بھارت جموں و کشمیر پر سلامتی کونسل قراردادوں پر عملدرآمد کرنے کے اپنے عہد سے پیچھے ہٹ گیا ،قراردادیں جموں و کشمیر کے لوگوں کو بنیادی حق خود ارادیت کے استعمال کے قابل بنانے کےلئے رائے شماری کا حکم دیتی ہیں، دن رات9لاکھ بھارتی فوجی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو جابرانہ اقدامات کےساتھ دہشت زدہ کر رہے ہیں، طویل کرفیو، ماورائے عدالت قتل اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کا اغوا شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان بھارت کے غیر قانونی قبضے کےخلاف کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا،شک نہیں کشمیری عوام کی آزادی کا مقصد پورا ہوگا،اقوام متحدہ،سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل قراردادوں کے نفاذ میں کلیدی کردار ادا کریں گے تاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو حق خودارادیت کا موقع فراہم کیا جا سکے،بھارت کے غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات نے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا،مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میںامن ممکن نہیں، جنوبی ایشیا میں جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے کیونکہ بھارت اپنی جارحانہ و غاصبانہ پالیسیوں کے ذریعے پورے خطے کو غیر مستحکم کر رہا ہے،وقت ہے عالمی برادری بھارت کو جارحیت سے باز رکھے

شہبازشریف نے کہاایک بار پھر واضح کرنا چاہتا ہوں اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا، خطے میں امن کیلئے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات ختم کرنا ہوں گے،دنیا کو صرف بڑے طاقتور ممالک کی حکمرانی کے طور پر نہیں چلایا جا سکتا،انصاف ،برابری کے اصولوں پر مبنی عالمی نظام کی ضرورت ہے، طاقت کے بے دریغ استعمال سے زیادہ تباہ کن کوئی اور چیز نہیں ہو سکتی، دنیا کے تمام خطوں میں جغرافیائی و سیاسی مسائل کو مذاکرات ،امن کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہاہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کےلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں،پاکستان میں پڑوسی ممالک سے سپانسرڈ دہشت گردی کی جارہی ہے،ملک میں بدامنی پھیلانے کیلئے کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ، فتنہ الخوارج کے ساتھی کارروائیاں کررہے ہیں،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں کوئی غلطی نہیں کریں گے،ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،فتنہ الخوارج کے عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا، عزم استحکام کے ذریے امن و سلامتی یقینی بنائیں گے، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشتگرد گروپوں کا خاتمہ کرے اور اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے استعمال سے روکے،اقوام متحدہ کے امن مشن کا کلیدی حصہ ہیں ،ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل کےلئے کوشاں رہیں گے۔

شہبازشریف نے کہا2سال قبل تباہ کن سیلاب سے جانی اور 30 ارب ڈالر کے مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں ،عالمی شراکت داروں کے ساتھ ملکر پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں،100 سے زائد ترقی پذیر ممالک قرضوں میں جکڑے ہیں، نظام میں اصلاحات بہت ضروری ہیں،موثرحکومتی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ،مہنگائی میں کمی اور معاشی اشارئیے بہتر سمت میں جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان افغانستان کی صورت حال کو جلد از جلد معمول پر لانے کا خواہاں ہے ،اقوام متحدہ میں افغان شہریوں کی امداد کیلئے 3بلین ڈالر امداد کی اپیل کردی،افغان عبوری حکومت انسانی حقوق کا احترام کرے ، خواتین و لڑکیوں کے حقوق، سیاسی شمولیت ، تعلیم کی اجازت بھی دے،افغانستان میں موجود داعش، القاعدہ اور فتنہ الخوارج امن کیلئے خطرہ ہیں۔