اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پنجاب میں الیکشن ٹربیونل تبدیلی کیس میں پی ٹی آئی وکیل کاچیف جسٹس پر اعتراض مسترد،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، تنازعات ہونے کایہ مطلب نہیں اداروں پر حملہ کر دیں، الیکشن کمیشن ایک ہفتے میں باقی ٹربیونلز کا قیام یقینی بنائے۔
پنجاب میں الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل پر الیکشن کمیشن کی اپیل پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،سماعت کے آغاز پر سلمان اکرم راجہ کے وکیل حامد خان کی جانب سے چیف جسٹس پر اعتراض کیا گیا، انہوں نے کہا مائی لارڈ ہم نے ایک درخواست دینی ہے ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ سینئر وکیل ہیں اور ہمارے لیے قابل احترام ہے پہلے آڈر پڑھنے دیں،سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس پر اعتراض کر دیا۔
چیف جسٹس نے کہا آپ نے خود کو علیحدہ کرنا ہے تو کر لیں، ابھی اٹارنی جنرل گزشتہ سماعت کا حکم نامہ پڑھیں،حامد خان نے کہا آپ کے کیس سننے پر اعتراض ہے، چیف جسٹس نے کہا آپ براہ مہربانی اپنی نشست پر بیٹھے رہیں، آپ کو بعد میں سنیں گے، حامد خان کمرہ عدالت سے چلے گئے،دوران سماعت جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کے تحریری جواب کے مطابق ہائیکورٹ کی مشاورت سے مسئلہ حل ہوگیا۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے4 ٹربیونلز قائم رکھے باقی چار الیکشن کمیشن مقررکرے گا، جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دئیے مطلب الیکشن کمیشن اورچیف جسٹس لاہورہائیکورٹ میں معاملات طے پاگئے، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا جی بالکل چونکہ قانون بدل گیا تھا، اس لیے اب نئے 4 ٹربیونلز الیکشن کمیشن مقرر کرے گا،وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا جسٹس عالیہ نیلم نے کہا نئے قانون کے تحت مشاورت کی ضرورت نہیں، چیف جسٹس ہائیکورٹ کےساتھ مشاورت کے بعد معاملہ حل ہو چکا، نئے قانون کے تحت ہم 4 ٹریبونل خود تعینات کرسکتے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کوئی معمولی انسان تو نہیں، الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹس دونوں اداروں کےلئے عزت ہے، ٹریبونل میں ججز کی تعیناتی پر پسند نہ پسند کی بات اب ختم ہونی چاہیے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ٹریبونل کی تعداد کا انحصار کیسز پر ہے، کیسز کو دیکھتے ہوئے ججز کی تعداد پر فیصلہ کریں اگر ججز کی تعداد کیسز کو دیکھتے ہوئے کم ہوئی تو غیر منصفانہ ہوگا، مجھے نہیں معلوم بلوچستان یا پنجاب میں کتنے کیسز التوا ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پارلیمنٹ کی مدت 5 سال ہے جوبڑھ نہیں سکتی، سٹے آرڈر والے کیسز بھی سپریم کورٹ میں آتے ہیں، جومعاملات عدالت کے نہیں انہیں میں حل کریں، قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے ایک درخواست کرکرکے تھک گیاہوں لیکن کسی نے زحمت نہیں کی،آئین کو دیکھیں آئین کیا کہتا ہے، آئین کی کتاب ہے لیکن آئین کو کوئی پڑھنا گوارانہیں کرتا،چیف جسٹس نے کہا ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، کسی کے دشمن نہیں،سب ایک ملک کے بسنے والے ہیں، گزشتہ سماعت پر الیکشن الیکشن کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے پاس بھیجا، سیکھنا ہے اداروں کا کام خط و کتابت کرنا نہیں، خط و کتابت میں جو زبان استعمال ہوتی ہے ملک چلانے کا یہ طریقہ نہیں۔
وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر مہمند نے عدالت کو بتایا اب مسئلہ حل ہوچکا ، چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے اب جتنا جلدی ہو انتخابی عذرداریوں کے فیصلے ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن ایک ہفتے میں باقی ٹربیونلز کا قیام یقینی بنائے،ہمارے پاس بھی ایسے مقدمات آئے جو حکم امتناع پر چلتے رہے، ڈپٹی سپیکر صاحب نے بھی حکم امتناع لے کر آئین کی خلاف ورزی کی، اب شاید وہ ڈپٹی سپیکر انڈر گراونڈ ہو چکے ہیں، تنازعات کامطلب یہ نہیںاداروں پر حملہ کر دیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرنا چاہیے تھا، سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے حکم پر فیصلہ دیئے بغیر معاملہ ختم نہیں کر سکتی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آپ ٹربیونلز میں مرضی کے ججز چاہتے ہیں؟ جب لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن میں مشاورت ہوگئی تو مزید کیا کرنا چاہیے؟ کیا آپ چاہتے ہیں ٹربیونلز کا معاملہ ختم ہی نہ ہو؟ سلمان اکرم راجہ نے کہا ہائیکورٹ کا حکم کالعدم یا برقرار رکھے بغیر یہ کیس ختم نہیں ہوگا۔
چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے وکیل کو ہدایت کی جو خط چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو لکھا وہ دکھا دیں، سلمان اکرم راجہ نے کہا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے رجسٹرار کو بتایا،یہی میکنزم ہے، چیف جسٹس نے دوبارہ استفسار کیا کس نے بتایا چیف جسٹس ہائیکورٹ نے رجسٹرار کو خط لکھا؟ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا بات بڑھانے کی ضرورت نہیں،دونوں کی ملاقات ہوئی اور دونوں مان گئے،سلمان اکرم راجہ نے کہا وقت کم اور انتخابات سر پر تھے،ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی میں نے چیلنج کررکھی ہے۔
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا اگر ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی ہائیکورٹ میں چیلنج ہے تو یہاں بات نہ کریں، سلمان اکرم راجہ نے کہا الیکشن کمیشن کو ہائیکورٹ کے نام سے انکار کرنے کی ٹھوس وجوہات بتانی چاہئیں، سلمان اکرم راجہ کی جانب سے بیچ میں بولنے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ برہم ہوگئے، ہدایت کی جب میں بات کرتا ہوں تو آپ بار بار بیچ میں نہ بولیں،الیکشن ٹریبونلزتشکیل کے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا، عدالت نے کہا فیصلہ جاری کردیں گے مگر الیکشن کمیشن ٹریبونلز کے نوٹیفکیشن کا عمل شروع کردے۔
چیف جسٹس نے دوران سماعت وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کیا الیکشن کمیشن ایک ہفتے میں ٹریبونلز کا نوٹیفکیشن جاری کرسکتا ہے؟ وکیل نے بتایا جی ہاں ہم ایک ہفتے میں نوٹیفکیشن کر دیں گے،قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے عدالتی فیصلوں پر انحصار کریں یا آئین پر؟ فیصلوں کے ہم پابند نہیں، پارلیمنٹ کی مدت مکمل ہونے تک اسٹے آرڈر کی اجازت نہیں دیں گے، عدالت آئین کی پابند ہے،مجھے سروکار نہیں کسی جج نے کیا فیصلہ دیا، الیکشن کمیشن کو آئین پر پابند کرائیں گے۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلوں کا سپریم کورٹ پابند نہیں لیکن ہائیکورٹس ہیں، چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا آئین بہت پیچیدہ کتاب ہے صرف ایک دانا شخص ہی سمجھ سکتا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل تبدیلی کیس میں انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ٹربیونل تبدیلی پر دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دےدیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے ریٹائرڈ جج کا ٹربیونل بنانے کیلئے چیف جسٹس سے مشاورت کی ضرورت نہیں ہوتی، اگر چار الیکشن ٹربیونل بنائے جائیں اور دو پٹیشنز آئیں تو دو ٹربیونلز ختم کیے جا سکتے ہیں، اگر دو ٹربیونلز بنائے جائیں اور زیادہ پٹیشنز آ جائیں تو ٹربیونلز بڑھائے جا سکتے ہیں، مجھے یاد ہے ریٹائرڈ ججوں نے الیکشن پٹیشنز پر بہترین فیصلے کیے، اگر مجھے الیکشن ٹربیونل کا جج بنایا جائے تو میں تو سر پکڑ لوں،بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو ٹربیونل تبدیلی پر دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
ملک کو استحکام کی ضرورت ،تنازعات کامطلب یہ نہیں اداروں پر حملہ کر دیں:سپریم کورٹ



















