وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے آج امریکہ پہنچیں گے

لندن (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے آج لندن سے امریکہ پہنچیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیراعظم مسئلہ کشمیر اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

جنرل اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم اسلاموفوبیا اور انتہا پسندی کا معاملہ دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے، اقوام متحدہ، عالمی اداروں میں اصلاحات، موسمیاتی تبدیلی، کلائمیٹ فنانسنگ پر بھی بات کریں گے۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

دورہ امریکہ کے دوران وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں کا امکان ہے، وزیراعظم کی آئی ایم ایف حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔