آئینی ترامیم تیار،پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی ترامیم تیار،اتحادیوں نے حکومت کو حمایت کی یقین دہانی کرادی،وزیراعظم کامشن ناکام،فضل الرحمن نے چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز مستر د کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ن لیگ ،اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا، آئینی ترامیم پر اعتماد میں لیا گیا، اتحادی جماعتوں نے آئینی ترامیم پر حمایت کی یقین دہانی کرائی،شہبازشریف نے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کردی، ذرائع کے مطابق آئینی عدالت قائم اور آرٹیکل 63 اے میں ترمیم کی جائےگی۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے،تقدس قائم رکھنے کےلئے ضروری ہے ملکی و عوامی مفاد میں قانون سازی ہو، قومی نوعیت کے معاملات صرف پارلیمان کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں،ملک دشمن عناصر پوری کوشش کرتے رہے ملک ڈیفالٹ ہو ،پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر استحکام کی جانب لائے، معاشی استحکام کے تسلسل و ترقی کے راستے پر گامزن ہونے کےلئے سیاسی استحکام ضروری ہے،آئینی اداروں و غیر سیاسی شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر فریق بنانے کی کوشش ہوتی رہی۔

شہبازشریف نے کہامیثاق جمہوریت سے غیر آئینی اقدامات کا راستہ ہمیشہ کےلئے روک دیا گیا لیکن ملکی ترقی کےلئے سب کو ایک مرتبہ پھر سے اکٹھا ہونا ہے،سیاست ہوتی رہے گی، ملک بچانے کےلئے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے،2018 سے پہلے نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا تھا لیکن سوچی سمجھی سازش سے سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کی گھناو¿نی سازش کی گئی ،سازش پاکستان ،عوام کو بہت مہنگی پڑی،3برس تک نااہل حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پہنچایا ،تاریخ گواہ ہے ملکی مفاد کےلئے سب جماعتوں نے ملکر اپنی سیاست قربان کرکے ریاست کو بچایا،معیشت مستحکم ،مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے ،پالیسی ریٹ کی کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ، روزگار کے نئے مواقع پیدا اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہابیرونی سرمایہ کاری اور دوست ممالک کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا ، ترسیلات زر میں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے،ملکی ترقی کےلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، عہد کریں شبانہ روز محنت کریں گے، کامل یقین ہے ملکی معاشی سلامتی کےلئے مجھ سمیت سب کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آئینی عدالت قائم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہامیثاق جمہوریت میں آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق کیا گیا اگر 18سال بعد کام کرسکتے ہیں تو کیوں نہ کریں؟،سپریم کورٹ میں 25 فیصد آئینی کیسز ہیں، مقدمات کا بوجھ منتقل کرنااچھا ہے اگر نمبر پورے ہوں گے تو کریں گے، نہیں ہوں گے تو نہیں کریں گے، قومی اسمبلی میں بنائی گئی خصوصی کمیٹی میں سینٹ اراکین بھی شامل کیے جائیں۔

اسحاق ڈار نے کہاہر حکومت کی حکمت عملی ہوتی ہے، میثاق جمہوریت میں آئینی عدالت کا خاکہ موجود ہے، بانی پی ٹی آئی نے بھی بعد میں میثاق جمہوریت پر دستخط کیے،آئینی کورٹ کا تصور نیا نہیں، کوئی چھپانے والی بات نہیں، کہا جا رہا ہے ججوں کی 2سال مدت نہ بڑھاو، میں نے کہا سول بیورو کریسی کی مدت نہیں بڑھا سکتے تو ججز کی بھی نہ بڑھاو، 17 مہینے ملک میں الیکشن کمیشن غیر فعال رہا ، کیا درست نہیں کرنا چاہیے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ،آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے فضل الرحمن سے ملاقات کی اور آئینی ترامیم پر تعاون مانگا،سربراہ جے یوآئی نے ایک بار پھر فرد واحد کےلئے قانون سازی کو مسترد کرتے ہوئے کہاچیف جسٹس کی مدت میں توسیع قبول نہیں،عدالتی اصلاحات لائی جائیں۔

علاوہ ازیںحکومتی وفد جے یو آئی سربراہ کی رہائش گاہ پہنچا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے مجوزہ آئینی ترمیم ، عدالتی اصلاحات پر اعتماد میں لیا،مزید برآںپی ٹی آئی قیادت بھی مجوزہ آئینی ترمیم میں حمایت مانگنے کیلئے فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچی تاہم حکومتی عہدیداروں کو دیکھ کر پی ٹی آئی رہنما جے یو آئی سربراہ سے ملاقات کیے بغیر واپس چلے گئے،بعد ازاں تحریک انصاف کے قائدین دوبارہ ملاقات کیلئے پہنچے اور جے یو آئی سربراہ سے مجوزہ آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال کرنے کےساتھ اپوزیشن کے موقف سے آگاہ کیا۔