پنجاب حکومت کا احسن اقدام، پولیس شہداءکے اہل خانہ کیلئے امدادی پیکیج میں 40 فیصد اضافہ

لاہور (مرزا ندیم بیگ) مہنگائی کی بڑھتی ہوئی لہر نے شہداءکے اہل خانہ کیلئے گھر کی خریداری کو مشکل بنا دیا تاہم اب میں 40 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی ہے جسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے منظور کر لیا گیا ہے۔پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق، موجودہ پیکیج میں دی جانے والی رقم کی قیمتیں مہنگائی کے سبب ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔ موجودہ پیکیج کے تحت شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو 5 مرلے کا گھر 1 کروڑ 35 لاکھ روپے میں دیا جاتا ہے جبکہ اے ایس آئی اور سب انسپکٹر شہداءکے اہل خانہ کو 7 مرلے کا گھر 1 کروڑ 75 لاکھ روپے میں ملتا ہے۔ انسپکٹر اور ڈی ایس پی رینک کے شہداءکے اہلخانہ کو 10 مرلے کا گھر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے میں فراہم کیا جاتا ہے اور ایس پی اور ایس ایس پی رینک کے شہداءکے اہل خانہ کو 12 مرلے کا گھر 3 کروڑ روپے میں دیا جاتا ہے۔ ڈی آئی جی اور اس سے اوپر کے رینک کے شہید افسران کے اہل خانہ کو 5 کروڑ روپے سے ایک کینال کا گھر ملتا ہے۔پولیس حکام کی جانب سے پیش کی گئی تجویز کے مطابق شہید کانسٹیبل کی فیملی کیلئے پیکیج بڑھا کر ایک کروڑ 89 لاکھ روپے جبکہ اے ایس آئی اور سب انسپکٹر کی فیملی کیلئے 2 کروڑ 45 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایس پی، ایس ایس پی، اور ڈی آئی جی رینک کے شہداءکے اہلخانہ کے پیکیج میں بھی 40 فیصد اضافہ کیا جائیگا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کابینہ اجلاس میں اس تجویز کو منظور کر لیا ہے جو فنانس ڈیپارٹمنٹ کی مخالفت کے باوجود نافذ العمل ہوگی۔ یہ اقدام شہداءکے اہل خانہ کو مہنگائی کے دور میں رہائشی مشکلات سے نمٹنے میں مدد فراہم کریگا۔