دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں بیٹی کی پیدائش

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کی سٹار جوڑی دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ اور دیپکا پڈوکون نے اپنی ننھی پری کا دنیا میں استقبال کرلیا ہے، اداکارہ کی بیٹی کی پیدائش ممبئی کے اے ایچ این ریلائنس ہسپتال میں ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیپکا پڈوکون گزشتہ روز اپنے شوہر اور والدہ کے ہمراہ ممبئی کے سپتال آئی تھیں جہاں اداکارہ کو داخل کرلیا گیا تھا، اس وقت سے بھارتی میڈیا کے نمائندے خوشخبری کے انتظار میں تھے۔ اب کچھ دیر پہلے ہی بھارتی میڈیا کے نمائندوں نے ہسپتال ذرائع سے تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سٹار جوڑی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی بیٹی کی پیدائش کی خبر نے مداحوں کو خوشی سے نہال کردیا ہے، مداحوں کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔