لاہور، اسلام آباد:(کرائم رپورٹر،سپیشل رپورٹر،بیورورپورٹ) پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش بے نقاب،بھارتی ،افغان شہریوں پر مشتمل انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا۔
سکیورٹی اداروں ،ایف آئی اے نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معلومات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کوشکنجے میں لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق نیٹ ورک سادہ لوح عوام کو بیرون ملک روزگار کے جھانسے دےکر لوٹتا، کروڑوں روپے ہتھیائے، جعلی دستاویزات کی تیاری میں مہارت رکھنے والے گروہ کااپنا پرنٹنگ پریس بھی ہے جہاں کئی ملکوں کی جعلی دستاویزات تیار کی جاتی تھیں،ذرائع کے مطابق مختلف ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد بھی گروہ سے معاونت لیتے رہے، مجرمانہ سرگرمیوں میں بھارتی و افغان باشندے ملوث نکلے۔
ایف آئی اے کے مطابق نیٹ ورک کا انٹرنیشنل ڈنکی گروہوں سے رابطے کا انکشاف ہوا، دوران تفتیش پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش بھی بے نقاب ہوئی ، تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ،مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیٹ ورک کو قانون کی گرفت میں لانے پر انٹیلی جنس ایجنسی ،ایف آئی اے لاہور کو شاباش دیتے ہوئے کہاکامیاب آپریشن انسانی سمگلنگ کےخلاف پاکستان کی کارروائیوں میں اہم سنگ میل ہے،مزید آپریشن جاری رکھیں گے،انسانی سمگلنگ کے خاتمے کےلئے آخری حد تک جائیں گے،مافیا سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔
بھارتی ،افغان شہریوں پر مشتمل انسانی سمگلنگ میں ملوث عالمی گروہ گرفتار
















