نیب ترامیم پر عمران خان کی دوہری پالیسی،مخالفت کےساتھ رعایت بھی مانگ لی

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان کی نیب ترامیم پر دوہری پالیسی،مخالفت کےساتھ رعایت بھی مانگ لی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈز ریفرنس پر سماعت کی،وکیل نے عمران خان کی بریت درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایاسپریم کورٹ فیصلے کے بعد 190ملین پاونڈز کا کیس بنتا ہی نہیں، نیب ترامیم میں کابینہ کے تمام فیصلوں کو تحفظ حاصل ہے، سوال ہے نیب ترامیم کے بعد احتساب عدالت کا کیس میں دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا اگر احتساب عدالت کا کیس میں دائرہ اختیار ہے تو پھر بریت کی درخواست سنی جاسکتی ہے،بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج ہی نہیں کیا، عدالت کے دائرہ اختیار کا فیصلہ کرنا عدالت کی صوابدید ہے،بعدازاں احتساب عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے عمران خان کی درخواست بریت پر سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا نیب ترامیم تباہی کا راستہ ہے، ملک اشرافیہ کے قبضے میں ہے، چھوٹی سی اشرافیہ نے اربوں کے کیس معاف کرا لیے ،نیب ترامیم آئین کے بھی خلاف ہیں، دنیا کی کسی پارلیمنٹ میں ایسا نہیں ہوا قانون سازی کرکے چوری معاف کرائی گئی ہو، قانون سے بالاتر لوگ ہمیشہ بچ جاتے ہیں، ملک انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہاپہلے مشرف اور باجوہ نے این آر او دیا، میرے دور میں نیب باجوہ کے ماتحت تھا، جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بتایا زرداری ،شریف فیملی کے اربوں کے ریفرنسز ہیں مگر باجوہ کارروائی نہیں کرنے دے رہے،سپریم جوڈیشل کونسل کے ماتحت کرکے نیب کو خود مختار، آزاد ادارہ بنایا جائے، میں نے نیب کے کسی تفتیشی افسر کو دھمکی نہیں دی ،کہا تھا چیئرمین نیب، تفتیشی افسر، وعدہ معاف گواہوں پر کیس کروں گا تاکہ آئندہ لوگوں کو انتقام کا نشانہ نہ بناسکیں۔

عمران خان نے کہانیب کےخلاف عدالت جانا چاہتا ہوں تاکہ نیب کے لوگوں کو بھی خوف ہو،عمران خان نے کہا نواز شریف کےساتھ لندن پلان کے بعد پی ٹی آئی پر ظلم کیا گیا، کوئی بتائے میری بیوی کا کیا قصور ہے 7 ماہ سے جیل میں ہے؟میرا جینا مرنا ملک میں ہے باہر نہیں جاوں گا، اشرافیہ میں سے کس کی پراپرٹی یا پیسہ باہر نہیں ؟ انہوں نے باہر بھاگ جانا ہے یہ نہ بتائیں فلاں کا پیسہ باہر ہے،منی لانڈرنگ کو کھلی چھوٹ دےدی گئی اب کوئی نہیں روک سکتا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا محسن نقوی کے 5 ملین ڈالر بیرون ملک پڑے ، مریم نواز4 مے فیئر فلیٹس کی مالک ہےں، حسن نواز نے ٹی وی پر بھی تسلیم کیا، شہباز شریف 5 اور آصف زرداری کے 8 ریفرنس ختم ہوگئے، فریال تالپور کی دبئی لیکس میں 5 جائیدادیں سامنے آئیں، نیب ترامیم کے ذریعے وائٹ کالر کرائم کو این آر او دےدیا گیا ،عمران خان نے کہاچوری کرنی ہے تو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل جائیں سارے کیسز ختم جائیں گے،ملک کو ڈنڈے نہیں انصاف کی ضرورت ہے،الیکشن میں ڈاکہ مارنے والوں کےساتھ کیسے بیٹھ جائیں،22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے کےلئے میری منتیں کی گئیں، 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی مگر اب بھی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی کو کہتا ہوں حقیقی آزادی کےلئے نکلنا ہے، آزادی انصاف سے آتی ہے ساری قوم باہر نکلے۔

دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران،بشریٰ کیخلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس سماعت کیلئے احتساب عدالت نمبر 2 کو منتقل کردیا، نئے ریفرنس کی سماعت جج علی وڑائچ کریں گے۔

مزید برآں خصوصی عدالت نے 9 مئی کے4 مقدمات میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر دلائل کیلئے پراسیکیوشن کو آخری مہلت دےدی،عدالت نے پراسیکیوشن کو آخری موقع دیتے ہوئے دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کےساتھ سماعت10ستمبر تک ملتوی کردی۔

ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا کو اڈیالہ جیل داخلے میں مشکلات کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا،وکیل فیصل چودھری کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کمیشن قائم کیا، لوکل کمیشن بیرسٹر ذوپاش خان نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، بیرسٹر ذوپاش دوران سماعت اڈیالہ جیل میں عمران،بشریٰ سے ملے،کمرہ عدالت کا جائزہ لیا۔