راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں فورم نے عزم کا اظہار کیا فوج میں کوئی فرد کڑے احتسابی نظام سے مستثنیٰ نہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، شرکا نے شہدا کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کی،امن و استحکام کیلئے شہدا پاک فوج،دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان ،خیبر پختونخوا میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
ملک خصوصاً بلوچستان ،خیبر پختونخوا میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر،پاکستان مخالف اندرونی و بیرونی سہو لت کاروں کی سر گرمیوں اور تدارک کےلئے کئے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیاگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورم نے اعادہ کیا پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشتگردی کےلئے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی،فوج منظم ادارہ ہے ،ہر فرد کی پیشہ وارانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست و افواج پاکستان کےساتھ ہے۔
شرکا کانفرنس نے کہا پاک فوج غیر متزلزل عزم سے مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے،کسی قسم کی جانبداری و استثنیٰ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی،فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کےلئے لازم ہے اور کوئی بھی فرد عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔
مضبوط و موثر قانونی نظام کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا پاک فوج دہشتگردوں، انتشار پسندوں ،جرائم پیشہ مافیاز کےخلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی،فورم نے دہشتگرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کےخلاف جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سخت سائبر سکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا۔
کور کمانڈرز نے بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تحریک آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا،اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، فورم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد ،پیشہ وارانہ مہارت کے حصول میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔
فوج میں کوئی فرد کڑے احتسابی نظام سے مستثنیٰ نہیں، کور کمانڈرز کانفرنس
















