رواں ماہ 50 لاکھ افراد کو مہم کا ممبر بنائیں گے، آئی پی پیز کو سب معاف، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگا دیا: نعیم الرحمن

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگادیا،آئی پی پیز کو سب معاف ہے،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاہم رواں ماہ 50لاکھ افراد کواپنی مہم کا ممبر بنائیں گے، ہم کروڑوں کی تعداد میں لوگوں سے رابطہ کریں گے، ہم پورے پاکستان میں مختلف کمیٹیاں قائم کریں گے، جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی موثر ترین جماعت ہے، جماعت اسلامی ہی جمہوریت کے پیمانے پر پورا اترتی ہے، باقی وڈیروں،جاگیرداروں اور خاندانوں پر مشتمل پارٹیاں ہیں جو سب کو جوڑ سکتی ہے وہ جماعت اسلامی ہے، پاکستان میں موجود دشمن کے ایجنٹ اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں، پاکستان کے سیاسی خلا کو پورا کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی مہم چل رہی ہے، دیانتدار پارٹی موجود ہے تو اس کا پاکستان کو فائدہ ہے، نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس نہ ہوں، میڈیا ورکرز کو وہ مراعات ملنی چاہئیں جو آئین وقانون کے مطابق ہیں،اس نظام میں طاقتوروں ،دولت والوں اور حکمرانوں کی بالادستی ہے، جب وسائل لوگوں پر نہیں لگتے تو نوجوانوں میں مایوسی پھیلتی ہے، پاکستان میں 80فیصد لوگ 40سال اور 65فیصد 25سال کی عمر کے ہیں، آپ نے پاکستان سے مایوس ہوکر جانا ہی کیوں ہے؟،امیر جماعت اسلامی نے کہا پاکستان میں معدنی ذخائر کی کوئی کمی نہیں، سمندر،دریا ، کھیت اور پہاڑ ہیں، نظام پر قابض لیڈر شپ نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے، لوگ یہاں طاقت کے بل بوتے ، فارم 47پر مسلط ہوتے ہیں، یہ لوگ صحیح طریقے سے پاکستان نہیں چلا سکے، ان کو اپنی شکست اور ناکامی کو تسلیم کرنا ہوگا، ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر حکمران طبقے کو ناکامی کا اعتراف کرنے پر مجبور کریں گے،ہم کسی فرقے کی بنیاد پر نہیں ، ہر مسلک کا احترام کرتے ہیں، ہم خواتین میں سب سے زیادہ منظم اور بہترین طریقے سے خدمت کررہے ہیں، ہم نے لوگوں کو حقوق دلانے کی بات کی ہے، جماعت اسلامی ہی پاکستان کے عوام کی سب سے بڑی چوائس ہے، حافظ نعیم الرحمن نے کہا نوجوانوں سے کہتا ہوں جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم میں حصہ لیں، ہم مل کر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے، قابض مافیا نے ہم پر آئی پی پیز کا عذاب مسلط کیا ہے۔