دفاعی شعبے کے آڈٹ میں سنگین مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

اسلام آباد (مشرق نیوز) آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے دفاعی سروسز کے مختلف شعبوں میں سنگین مالی بے ضابطگیوں، غیر شفاف خریداریوں اور غیر مجاز اخراجات کو اجاگر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اندرونی کنٹرول کو بہتر بنانے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کیلئے انکوائری شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آڈٹ سال 24-2023 کیلئے ڈیفنس سروسز کے اکاو¿نٹس پر اپنی آڈٹ رپورٹ میں آڈیٹر جنرل نے 300 سے زائد صفحات پر مشتمل آڈٹ اعتراضات شائع کیے، جن میں عدم وصولی، زائد اور پیشگی ادائیگی، خریداری سے متعلق بے ضابطگیاں، ریاست کو ہونے والے نقصانات اور ریکارڈ کی عدم فراہمی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزارت دفاع کو ایک سنگل لائن بجٹ گرانٹ ملتی ہے جو وزارت دفاعی پیداوار، سروسز ہیڈ کوارٹرز، انٹر سروسز آرگنائزیشنز اور سٹرٹیجک پلاننگ ڈویژن میں تقسیم کی جاتی ہے، وزارت دفاع کے انتظامی کنٹرول کے تحت مسلح افواج جس میں فوج، بحریہ اور فضائیہ شامل ہیں، کا بنیادی کام ملک کی علاقائی سالمیت کا دفاع کرنا اور ضرورت پڑنے پر سول انتظامیہ کی مدد کرنا ہے۔

آڈٹ میں 566.29 ارب روپے کے اخراجات کا احاطہ کیا گیا جس میں مالی سال 23-2022 کے آڈٹ کے دوسرے مرحلے کے دوران 335.63 ارب روپے اور مالی سال 24-2023 آڈٹ کے پہلے مرحلے میں 230.66 ارب روپے شامل ہیں۔