عمران طالبان دوست،بطور چانسلر نامزدگی آکسفورڈ خواتین کی توہین ہے: برطانوی اخبار

لندن، اسلام آباد: (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) برطانوی اخبار نے عمران خان کو طالبان دوست قرار دیتے بطور چانسلر نامزدگی آکسفورڈ پر بڑا سوال اٹھا دیا۔

اخبار گارجین نے اپنے کالم میں لکھا بانی پی ٹی آئی کی آکسفورڈ چانسلر نامزدگی درخواست یونیورسٹی روایات کےخلاف ہے اور کیا طالبان دوست شخص کا چانسلر آکسفورڈ یونیورسٹی انتخاب درست ہوسکتا ہے، عمران خان نے خواتین کی تعلیم پر پابندی لگانے والے طالبان کی حمایت کی، اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیا، کیا طالبان کو دوست کہنے والا آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑ سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کابل سے امریکی، برطانوی و اتحادی افواج پرطالبان کوغلامی کی زنجیریں توڑنے پر مبارکباد دی۔

گارجین کے مطابق عمران خان نے جنسی طور پر ہراساں ہونے والی خواتین کو ہی سانحہ کا ذمہ دار قرار دیا، امیدواری آکسفورڈ کی خواتین بشمول حالیہ و ماضی کی خاتون گریجوایٹس کی توہین ہے، ایسے شخص کا تصور کرنا مشکل ہے، کاش! کوئی عمران خان اور حامیوں کو بھی یہی بتائے۔

اخبار نے لیڈی ایلش انجیولینی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کےلئے بہترین امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا لیڈی ایلش انجیولینی پہلے ہی آکسفورڈ یونیورسٹی کا اثاثہ اور غیرسیاسی ہیں، بڑے پیمانے پر احترام کیا جاتا ہے۔ لیڈی ایلش انجیولینی نے اعلان کیا اگر چانسلر بنی تو یونیورسٹی کو غریب طلبہ کےلئے مزید قابل رسائی بنائیں گی۔

برطانوی اخبار نے بانی پی ٹی آئی کو اینڈریو ٹیٹ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا اینڈریو ٹیٹ سوشل میڈیا انفلوئنسر ہے جو خواتین پر متنازع بیانات دیتے ہیں۔ گارجین کے کالم میں سوال اٹھایا گیا آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر کی مدت ایک دہائی کےلئے ہوتی اور پورے سال خود کو دستیاب رکھنا ہوتا ہے لیکن عمران خان کو 14 سال سزا ہو چکی، جیل میں ہیں، دستیاب کیسے ہوں گے،چین ایغور مسلمانوں پر ظلم کر رہا تھا تو بانی پی ٹی آئی چین کی تعریفیں کر رہے تھے، عمران خان کے آزادی اظہار پر متنازع بیانات یونیورسٹی روایات کےخلاف ہیں۔

دوسر ی جانب مسلم لیگ (ن) نے ردعمل دیتے ہوئے کہاآکسفورڈ یونیورسٹی میں بانی پی ٹی آئی جیسی شخصیت کی کوئی جگہ نہیں۔ دانیال چودھری نے اپنے بیان میں کہا آکسفورڈ عالمی شہرت یافتہ ادارہ، آرٹیکل عمران خان کی سوچ، جھوٹ کی عکاسی کرتا ہے، بانی پی ٹی آئی خود کو پاکستان کے سامنے الگ، مغربی دنیا کے سامنے الگ کردار کے طور پر پیش کرتے ہیں، آرٹیکل نے جھوٹ اور کردار کو بے نقاب کردیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں عمران جیسی شخصیت کی کوئی جگہ نہیں، برطانیہ میں اسامہ بن لادن کو سپورٹ کرنے والی سوچ کو قبول نہیں کیا جائیگا۔

طلال چودھری نے کہا بانی پی ٹی آئی کرپشن پر اپنے ملک میں سزا بھگت رہے ہیں، اگر چانسلر منتخب ہوگئے تو یونیورسٹی کا کیا مستقبل ہوگا؟ بہت سی باریک چیزیں سامنے نہیں آتیں اگر کوئی ایسی شخصیت چھوٹے سے سکول کا بھی پرنسپل ہوتو کافی سوال اٹھ جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کرپشن ثابت شدہ، طالبان پر سوچ سب کے سامنے ہے۔