لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ”چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام“ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ”چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام“کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام دیگر صوبائی حکومتوں کیلئے بھی مثالی پراجیکٹ ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد اس منصوبے کا افتتاح کریں گی۔ اس منصوبے کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کرنے کیلئے پی آئی ٹی بی کی مدد سے آن لائن ڈیش بورڈ بنایا جا رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کے بعد بچوں کی ہارٹ سرجری کے نظام میں بہت بہتری آئیگی۔ پنجاب کے چلڈرن ہسپتالوں میں بچوں کی ہارٹ سرجری ایس او پیز کے مطابق اور بروقت یقینی بنائی جائیگی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت بچوں کی ہارٹ سرجری کا مربوط نظام بنایا جائیگا۔ اگر اس پراجیکٹ سے ایک بھی معصوم بچے کی جان بچ گئی تو اس منصوبے کو شروع کرنے کا ہمارا نیک مقصد پورا ہوجائیگا۔ اس پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے انتہائی ماہر چائلڈ کارڈیک سرجنز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے شرکت کی۔اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر فرقد عالمگیر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین و دیگر نے شرکت کی۔
چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام دیگر صوبوں کیلئے بھی مثالی ہوگا:سلمان رفیق



















