ملک کیلئے سیاست قربان،ریٹنگ میں بہتری معاشی پالیسیاں درست ہونے کا عالمی اعتراف ہے، وزیراعظم

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے دوست ممالک سے سرمایہ کاری منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں،تمام وزراء،متعلقہ ادارے منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں،پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت،معدنیات و قیمتی پتھروں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے،شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے اقدامات پر جائزہ اجلاس میںشہباز شریف نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں،گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی،معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا، معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے،حکومت کی جانب سے قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں،موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ دیا جانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔

وزیراعظم نے کہا امید ہے معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی،اہم پیشرفت اور معیشت کی مجموعی بہتر صورتحال پروزیر خزانہ ،ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں،دوست ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں اربوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار حکومتی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے،اجلاس کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے تمام منصوبوں میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کےساتھ ساتھ نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔