ارشد شریف کو ارباب اختیار کی جانب سے غیرمنصفانہ ہراسمنٹ کا سامنا تھا: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) ارشد شریف اور دیگر صحافیوں کےخلاف متعدد مقدمات کے اندراج کےخلاف درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ارشد شریف کےخلاف ایک الزام میں درج متعدد ایف آئی آرز قانون کی نظر میں برقرار رکھنے کے قابل نہیں،ایک ہی الزام پر ملک بھر میں مقدمات درج ہوسکتے ہیں یا نہیں؟ معاملے پر ملک بھر میں درج تمام کیسز کی مئی2022 سے زیر التوا درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا جسے جسٹس محسن اختر کیانی نے 36 صفحات پر تحریر کیا ہے،فیصلے میں ہائی کورٹ نے کہا ہے ارشد شریف کو ارباب اختیار کی جانب سے غیر منصفانہ ہراسمنٹ کا سامنا تھا، ارشد شریف کےخلاف تحقیقات کےلئے صرف ایک ایف آئی آر کو درست سمجھا جانا چاہیے تھا، جب ریاستی اداروں کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی جائے تو ملزم کو حفاظت فراہم کی جانی چاہیے تھی، ملزم کو عدالت سے رجوع کرکے ضمانت حاصل کرنے کا حق فراہم کیا جانا چاہیے تھا،فیصلے میں کہا گیا ہے ارشد شریف کےخلاف درج متعدد ایف آئی آرز قانون کی نظر میں برقرار رکھنے کے قابل نہیں، ارشد شریف کے اہل خانہ نے بہت بڑا نقصان اٹھایا ہے جس کی تلافی ممکن نہیں،عدالت نے کہا صحافیوں کے تحفظ کیلئے یکم دسمبر 2021ءکو پروٹیکشن آف جرنلسٹ ایکٹ کا نفاذ ہوا، آج بھی صحافیوں کو غیر منصفانہ ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ارشد شریف کے اہل خانہ پروٹیکشن آف جرنلسٹ ایکٹ کے تحت قائم کمیشن سے رجوع کرسکتے ہیں،تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے وہ ارشد شریف کو پیش آنے والی ہراسمنٹ، زندگی کو لاحق خطرات کی تحقیقات کرے، صحافیوں کی جانب سے اپنے خلاف مقدمات کے حوالے سے درخواستوں کو نمٹایا جاتا ہے۔