سیلاب سے تباہی،وزیراعظم نے بنگلہ دیش کو مدد کی پیشکش کردی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلابی صورتحال پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر یونس کو مدد کی پیشکش کردی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بنگلہ دیش میں حالیہ تباہ کن سیلابی صورتحال پر دلی دکھ و رنج ہے، کڑے وقت میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں بنگلہ دیشی حکومت ،عوام کےساتھ ہیں،بنگلہ دیشی عوام مشکلات میں اپنے حوصلے اور ہمت کیلئے جانے جاتے ہیں،شہبازشریف نے کہاپر امید ہوں بنگلہ دیش آپ کی قیادت میں مشکل سے جلد نکل آئے گا، پاکستان ہر طرح سے مدد کیلئے تیار ہے۔

دریں اثنا دوران اجلاس وزیراعظم نے سمیڈا بورڈ کے غیر فعال ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سمیڈا بورڈ کی فوری طور پر تشکیل کی ہدایت کردی،شہباز شریف نے کہا ہے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،سمیڈا بورڈ سمیت ایسے تمام ادارے جو ملکی معیشت کےلئے انتہائی اہم ہیں کے بورڈز کی تشکیل فوری طور پر کی جائے،سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت خود کرونگا،سٹیئرنگ کمیٹی میں نجی شعبے سے متعلقہ لوگوں کو بھی شامل کیا جائے۔