اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومتی اپیل منظور،سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس میں متنازع پیرا گراف حذف کردئیے اور ٹرائل کورٹ کو مقدمے میں عائد دفعات کا قانون کے مطابق جائزہ لینے کا حکم دےدیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے اگرہم سے کوئی غلطی ہو جائے تواصلاح بھی ہونی چاہئے ،ہرنمازمیں دعاکرتاہوں اللہ مجھ سے کوئی غلط فیصلہ نہ کرائے، میں کوئی غلطی سے بالاتر نہیں، امریکہ ، برطانیہ کی مثالیں دیتے ہیں اپنی کیوں نہ دیں؟ میں قرآن مجید ،احادیث اور فقہ کا حوالہ دیتا ہوں مگر شاید میری کم علمی ہے اگر سب علما کی رائے شامل ہوتی تو فیصلہ نہیں کتاب بن جاتی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے مبارک ثانی کیس میں حکومت کی مخصوص پیراگراف حذف کرنے کی درخواست پر سماعت کی،جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن عدالت میں پیش ہوئے،اٹارنی جنرل نے کہانظر ثانی میں جب آپ نے فیصلہ دیا تو پارلیمنٹ ،علما نے وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے کہا حکومت کے ذریعے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے، سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے خط ملا اور وزیراعظم کی جانب سے بھی ہدایات کی گئیں ، ظاہر ہے دوسری نظرثانی تو نہیں ہو سکتی اس لیے ضابطہ دیوانی کے تحت آپ کے سامنے آئے ، معاملہ مذہبی ہے تو علمائے کرام کو سن لیا جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہنا تو نہیں چاہئے لیکن مجبور ہوں ہر نماز میں دعا کرتا ہوں اللہ مجھ سے کوئی غلط فیصلہ نہ کرائے، انسان اپنے قول و فعل سے پہچانا جاتا ہے، پارلیمان کی بات سر آنکھوں پر ہے، آئین کی 50ویں سالگرہ پر خود پارلیمنٹ گیا،میری ہر نماز کے بعد ایک ہی دعا ہوتی ہے کوئی غلط فیصلہ نہ ہو، آپ کا شکریہ ہمیں موقع دے رہے ہیں،بعد ازاں عدالت نے فضل الرحمن،مفتی شیر اور کمرہ عدالت میں موجود علمائے کرام سے معاونت لینے کا فیصلہ کیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہامفتی تقی عثمانی سے بھی معاونت کا کہا تھا لیکن وہ ترکیہ میں ہیں، مفتی منیب الرحمن کو آنے کی زحمت دی وہ نہیں آئے، مفتی منیب کے نمائندے نے عدالت کو آگاہ کیا مجھے مفتی منیب الرحمن نے مقرر کیا ہے،مولانا تقی عثمانی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوگئے،چیف جسٹس نے کہاعدالتی فیصلے میں کوئی غلطی یا اعتراض ہے تو بتائیں دیگر اکابرین کو بھی سنیں گے۔
مفتی تقی عثمانی نے کہافروری کے فیصلے و نظرثانی پر بھی تبصرہ بھیجا، مجھے نہیں معلوم آپ تک میری رائے پہنچی یا نہیں،معاملہ ایسا ہو تو لمبے فیصلے لکھنے پڑھتے ہیں، جسٹس قاضی فائز نے استفسار کیا نظر ثانی فیصلے میں بتائیں کونسے پیراگراف غلط ہیں؟ مفتی تقی نے جواب دیا آپ فیصلے میں طے شدہ مسائل سے زیادہ اصل مسئلے کو وقت دیتے،مفتی تقی عثمانی کی جانب سے پیراگراف 7اور 42میں غلطی کی نشاندہی کی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا تقی عثمانی صاحب میں معذرت چاہتا ہوں، وضاحت کرنا چاہتا ہوں جنہیں نوٹس کیا تھا ان کی جانب سے بہت سارے دستاویزات ملے اگر سب کا بغور جائزہ لیتے تو شاید فیصلے کی پوری کتاب بن جاتی،تمام دستاویزات کو دیکھ نہیں سکا تو میری کوتاہی ہے اگر کوئی بات سمجھ نہیں آئی تو سوال کریں گے، ملک اسلامی ریاست ہے اس لیے عدالتی فیصلوں میں قرآن و حدیث کے حوالے دیتے ہیں، میں کوئی غلطی سے بالاتر نہیں ہوں۔
فضل الرحمن نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کئی نشستیں عدالت کی ہوئیں اب نظرثانی کا معاملہ ہے، چیف جسٹس نے کہانظرثانی نہیں ،فضل الرحمن نے کہا نظر ثالث ہے، علمائے کرام اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے بھی سامنے آ چکی آپ کے فیصلے کےخلاف آرا آئیں ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکوئی اور بھی فیصلہ تھا آپ نے جمع کا صیغہ استعمال کیا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاآپ نے فرمایا غلطیاں ہو جاتی ہیں، ہمارا بھی جمع کا صیغہ اگنور کریں، 72سال کی عمر میں پہلی بار کسی عدالت کے سامنے کھڑا ہوا، مجھے اللہ نے عدالت سے بچائے رکھا،جسٹس قاضی فائز نے کہاہم اتنے برے نہیں ،سماعت کے دوبارہ آغاز پر مفتی طیب قریشی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہامجھ سے پہلے جن علمائے کرام نے رائے دی ان سے متفق ہوں، عدالت سے ہاتھ باندھ کر استدعا کر رہا ہوں مسلمان مضطرب ہیں، تسلی دیں اور جو تجاویز علمائے کرام نے دیںعملدرآمد کیا جائے،صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی جانب سے نظرثانی فیصلے کا پیراگراف 42حذف کرنے کی استدعا کی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا 6 فروری کا فیصلہ نظرثانی کے بعد پیچھے رہ گیا اب آگے کی طرف دیکھنا چاہیے، میرا موقف ہے امریکہ، برطانیہ کی مثالیں دیتے ہیں اپنی کیوں نہ دیں؟ کوئی میٹرک کا امتحان نہ دے تو فیل ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہوتا،سپریم کورٹ نے مبارک ثانی ضمانت کیس میں حکومتی درخواست اور علمائے کرام کی استدعا منظورکرتے ہوئے 6فروری ،24جولائی کے فیصلوں سے متنازع پیراگراف7/42،49Cحذف کردیئے، عدالت نے کہا مبارک ثانی نظرثانی فیصلے کے حذف کئے گئے پیراگراف کو نظیرکے طورپر پیش نہیں کیاجاسکے گا۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمن نے سپریم کورٹ کی جانب سے مبارک ثانی کیس پر نظر ثانی درخواست منظور کیے جانے پر عدالت عظمیٰ اور پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا فیصلے نے گولڈن جوبلی کی اہمیت کو اور دوبالا کردیا اب عوام الگ جذبے اور تازہ ترین فاتحانہ تصور کےساتھ شریک ہوں گے اگر کوئی اور شہری دنیا کے کسی حصے میں بھی اپنے ملک کے آئین سے بغاوت کرتا اور آئین کو تسلیم نہیں کرتا ہے تو شہری و انسانی حقوق ختم ہوجاتے ہیں۔
حکومتی اپیل منظور،سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس میں متنازع پیرا گراف حذف کردئیے
















