پنجاب اسمبلی کا پورا سیشن اقلیتوں کیلئے مختص،خراج تحسین ،قراردادیں منظور

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) نئی تاریخ رقم،پنجاب اسمبلی کا پورا سیشن اقلیتوں کیلئے مختص،خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد یںمنظور،ایوان نے غزہ پر اسرائیلی حملوں ،حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل پر مذمتی اورپیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد یں بھی متفقہ طور پر منظور کر لیں۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے 2گھنٹے 30منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی صدارت میں شروع ہو ا،غیر ملکی سفارتکاروں نے خصوصی طور پر شرکت کی،خصوصی اجلاس میں اقلیتی رکن شکیلہ جاوید نے اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے قرار داد پیش کی ،متن میں کہا گیا پاکستان کی اقلیتیں سیاسی ،قومی و دفاعی محاذ پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں،11اگست کا دن اقلیتوں کےلئے مخصوص کرناتاریخی اقدام ہے، پاکستان میں اقلیت کے کردار اور ملک کےلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایوان نے شکیلہ جاوید کی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

اپوزیشن رکن احمد خان بھچر نے غزہ پر اسرائیلی حملوں ،حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل پر مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاپاکستانی قوم غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتی ہے ، اسرائیل فلسطین میں کئی دہائیوں سے ظلم کررہا ہے ،معصوم و نہتے بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہیں، فلسطین میں اسرائیلی بربریت بدترین انسانی المیہ ہے ،مثال نہیں ملتی، اسرائیل فلسطین میں سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ، پاکستانی عوام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا فلسطین میں اسرائیلی حملے روکے جائیں ، زخمی و بیمار فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کی اجازت دی جائے، دنیا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،سلامتی کونسل فلسطین میں امن قائم کرنے کےلئے کردار ادا کرے، پاکستانی عوام کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا ایوان فلسطین کی سیاسی و اخلاقی حمایت کا اعادہ کرتاہے، ایوان ایران میں اسرائیلی کی جانب سے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتااور دہشتگردی قرار دیتا ہے، ایوان اسماعیل ہنیہ کے اہلخانہ سے دلی اظہار تعزیت کرتا ہے ،ایوان نے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

بعدازاںوزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا کی جانب سے اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے پیش کی گئی قرارداد کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیاگیا،قرارداد کے متن میں کہا گیا 77سال پہلے 11اگست کو پاکستان کی پہلی اسمبلی سے قائد اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاآپ لوگ آزاد ہیں،اقلیت اپنے مندروں ،گرجا گھروں میں جانے کےلئے آزاد ہیں، قائداعظم نے 11اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دیا، پاکستان کی تخلیق و ترقی کےلئے اقلیتوں کی خدمات کو قائد اعظم نے بھرپور سراہا۔

رمیش سنگھ اروڑا نے کہا پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتوں کااحساس محرومی دور کرنے کےلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں، مریم نواز نے ایوان میں کہا تھا اقلیت سر کا تاج ہیں اس لئے خصوصی اجلاس بلایا گیا،حکومتی مشینری کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکر گزار ہوں اقلیت کے فنڈز میں 188فیصد اضافہ کیا،ہندو میرج ایکٹ قومی اسمبلی میں پاس ہو گیا اب پنجاب میں دسمبر تک لاکر پاس کرائیں گے،مسیحی قوم کےلئے کرسچن پرسن لاز بھی لا رہے ہیں جس پر کام ہو رہا ہے،بجٹ میں اقلیتوں کے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ، چرچز ،گوردواروں اورمندروں پر خرچ کرنے کےلئے فنڈزمختص کیے گئے۔

حکومتی رکن ذکیہ شاہنواز نے کہا اقلیتوں کےلئے بہت بڑا دن ہے ،پہلے پنجاب میں کبھی خصوصی اجلاس نہیں بلایا گیا ،اقلیتوں نے ملکی تعمیر و ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا، تعلیم و عدلیہ میں اقلیتوں کا اہم کردار رہا ہے، اقلیت کا تحفظ ناگزیر ہے کیونکہ قومی جھنڈا میں سفید رکن اقلیت کےلئے ہے اس کے بغیر جھنڈا بھی مکمل نہیں ہوتا،اقلیتوں کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہوتا ،جب تک متحد نہیں ہوں گے پاکستان ترقی نہیں کرے گا، گیلری میں بیٹھے سفارتکاروںسے کہوں گی آپ لوگ بین الاقوامی سطح پر غزہ کےلئے آواز اٹھائیں، غزہ میں جنگ بندی ہونی چاہیے تاکہ دنیا میں امن قائم ہو سکے۔

اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا برداشت صبر اور حب الوطنی کے اظہار کا دن ہے، پاکستان کی ترقی میں سب سے زیادہ کردار اقلیت نے ادا کیا،کسی کوحق سے محروم کرنابڑا جرم ہے۔

علاوہ ازیں اجلاس میں حکومتی رکن سمیع خان نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا،قرارداد کے متن میں کہاگیا ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں جن کی کامیابی سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا، ارشد ندیم غریب گھر و چھوٹے اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں،ارشد ندیم ایشیا ءکی سطح پر بھی کامیابیاں حاصل کر چکے ،قومی ہیرو قرار دیا جائے۔