لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات ملنا تو دور علاج کرنے والے ڈاکٹر تک دستیاب نہیں، سرٹیفائیڈ چور،کرپٹ اور نالائق اب کرپشن پر لیکچر دیں گے۔
بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہالاہور کے میو ہسپتال پر پروپیگنڈا کرنے کی بجائے اپنے صوبے کے لیڈی ریڈنگ،خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی حالت زار پر فوکس کریں، پنجاب میں آپ کی حکومت نے تو مفت ادویات تک بند کردی تھیں،مریم نواز نے آتے ہی تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات شروع کیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا پروگرام شروع کیا ،گڈ گورننس پر لیکچر دینے سے پہلے اپنے صوبے کے ہسپتالوں و تعلیمی اداروں پر غور کریں۔
وزیر اطلاعات نے کہاخیبر پختونخوا میں لوگوں کو تعلیم ،صحت کی بجائے ریاست مخالف بیانیہ دیا جا رہا ہے، کالجز و یونیورسٹیوں کے طلبہ کو تشدد ،نفرت پر اکسایا جا رہا ہے، نوجوان نسل کو بغاوت پر اکسانے والا اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے جو باقیوں کےلئے سبق ہے،سرٹیفکیٹ شدہ چور جن کے اپنے صوبے میں ہسپتال یونیورسٹیاں ،کالجز فنڈز کی عدم دستیابی سے بند ہو رہے ہیں ان کو لاہور کے ہسپتالوں کی فکر پڑی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہاسرکاری ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر ہر ہفتے احتجاج اور ہڑتالیں کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات ملنا تو دور علاج کرنے والے ڈاکٹر تک دستیاب نہیں،کے پی حکومت کی کرپشن کی نگرانی کےلئے اڈیالہ جیل کے قیدی نے بیرون ملک مانیٹرنگ ٹیم قائم کردی جس شخص کو بطور وزیراعظم 2 مرتبہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کرپٹ ترین وزیراعظم قرار دے چکی اب وہ دوسروں کی کرپشن کی نگرانی کرے گا۔
سرٹیفائیڈ چور،کرپٹ اور نالائق اب کرپشن پر لیکچر دیں گے، عظمیٰ بخاری
















